آپ کے مسائل اور ان کا حل
سوال: آئٹم آن لائن خریدا، بیچنے والے نے دس دن میں بھیجنے کا کمٹمنٹ کیا، دس دن میں آرڈر وصول نہیں ہوا، دس دن اور انتظار کیا ،آرڈر نہیں وصول ہوا، میں نے کینسل کردیا اور معاملہ ختم ہوگیا۔ اب مجھے پچیس دن بعد یہ آئٹم گھر پر موصول ہوگیا ہے۔ اس صورت میں کیا یہ آئٹم فری ہو گیا؟ یا پیسے دینے ہیں ؟
جواب: جب آپ نے آرڈر منسوخ کیا اور بیچنے والے نے بھی قبول کرلیا تو معاملہ ختم ہوگیا۔ اب جو آئٹم آپ کو وصول ہوا ہے ،وہ آپ کو وصول نہیں کرنا چاہیے تھا، کیوں کہ معاملہ دونوں جانب سےختم ہوچکا تھا، لیکن جب وصول کرلیا تو وہ آپ کے پاس امانت ہے اور بیچنے والے کی ملکیت ہے۔ بیچنے والے کو حق ہے کہ وہ آپ سے اپنی چیز واپس وصول کرلے یا آپ حُسنِ اَخلاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیز انہیں واپس بھیج دیں یا ان سے پوچھ کر واپس کردیں، یہ تمام صورتیں جائز ہیں، یا بیچنے والے سے دوبارہ سودا کرکے قیمت ادا کردیں اور چیز رکھ لیں۔
بہرحال یہ آئٹم فری نہیں ہوا ہے، یا تودوبارہ خریدنا ہوگا یا واپس کرنا ہوگا۔ اگر آرڈر منسوخ ہونے کے باوجود بیچنے والنے نے آئٹم آپ کو بھیجا ہو، اس صورت میں چوں کہ آپ نے چیز رکھ لی ہے، اس لیے تعاطی (کچھ کہے بغیر عملی لین دین ) کی وجہ سے بیع ہوگئی ہے اور قیمت کی ادائیگی بھی آپ پر لازم ہے۔