اسلام آباد(نمائندہ جنگ،صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے درخواست کرتا ہوں کہ جو سخت شرائط رکھی گئی ہیں ان پر نظرثانی کرے،فی الحال آئی ایم ایف کی شرائط پرعمل ممکن نہیں، پاکستان سیلاب کی وجہ سے مشکل حالات سے گزر رہا ہے،شرائط پرنظرثانی کی جائے۔
احسن اقبال نے سیلاب کے تناظر میں پوسٹ ڈیزاسٹر ضروریات سے متعلق تخمینہ رپورٹ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب حکومت میں آئے تو ملکی معیشت تباہی کے راستے پر گامزن تھی،گزشتہ حکومت کے اقدامات کے باعث مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوا، سیلاب کے باعث غریب اضلاع میں مزید غربت بڑھی، جو غریب لوگ بمشکل گزر بسر کر رہے تھے سیلاب نے مزید تباہ کر دیا۔
سیلاب کے بعد ڈینگی، ملیریا اور دیگر وبا پھوٹنے کا خدشہ ہے، محدود وسائل کے ساتھ سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کی کوشش کر رہے ہیں، سیلاب کے دوران افواج پاکستان نے امدادی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، سیلاب متاثرین میں 75 ارب روپے امدادی رقم تقسیم کی گئی۔
آئی ایم ایف سے یہ درخواست کرتا ہوں کہ جو سخت شرائط رکھی گئی ہیں ان پر نظرثانی کرے، پاکستان سیلاب کی وجہ سے مشکل حالات سے گزر رہا ہے، ان مشکل حالات میں آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل کرنا ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے بجٹ سے متاثرین سیلاب کی بحالی سے اقدامات کرسکے، عالمی برادری کو اس ضمن میں پاکستان سے اظہار یکجہتی کرنا چاہیے۔