نارووال،بدوملہی(نمائندہ جنگ،نامہ نگار) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو ناکام مارچ قرار دیدیا۔ اپنے ایک بیان میں انکا کہنا تھا کہ لاہور کے بعد دوسرے شہروں نے بھی لانگ مارچ کومسترد کر دیا، لانگ مارچ شارٹ مارچ بن کر رہ گیا ہے ۔ کئی کئی گھنٹے تاخیر کے بعد چند میل بھی لانگ مارچ نہ چل سکا۔ لوگ ساتھ نہ ہوں تو ایسے ہی ناکامی ہوتی ہے ، لانگ مارچ کے دوران آپس میں کھینچا تانی ان کی مایوسی ظاہر کرتی ہے ۔ بعدازاں احسن اقبال کی نارووال کے معروف تاریخ دان و صحافی آصف علی بھٹی کی وفات پر انکے گھر آمد، اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کی، ایم پی اے خواجہ وسیم بٹ، حاجی نذر عباس، حاجی امانت انصاری سمیت ن لیگ کے مقامی عہدیدار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ احسن اقبال نے کہا کہ مرحوم کی نارووال کی تاریخ جمع کرنے کے حوالے سے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔