پشاور(جنگ نیوز)انجمن ترقی کھوار حلقہ پشاور کی حلف برداری تقریب آرکائیوز ہال میں ہوئی جس میں سینئر صحافی ذوالفقار چترالی نے نومنتخب کابینہ سے حلف لیا ۔تقریب کی صدارت چترال جرنلسٹ فورم کے صدر نادرخواجہ نے کی ۔نومنتخب کابینہ کے ممبران صدر رحمان اللہ طوفان ، کنونیئر مہربان الٰہی حنفی ، سینئر نائب صدر فضل نعیم نعیم ، نائب صدر اول سردارولی شاہ ابرو ، نائب صدر دوم محمد ظفر مسرور ، جنرل سیکرٹری سید ابراہیم شاہ طاہر ، فنانس سیکرٹری محمد غفار عاکف ، جائنٹ سیکرٹری مجید مجروح ، سیکرٹری اطلاعات نذیر احمد ایڈوکیٹ ، سیکرٹری کلچر عبدالجلیل جلالی اور سیکرٹری مینجمنٹ خیر محمد سہیل شامل ہیں۔ تقریت حلف برداری کے بعد خالد بن ولی مرحوم کی کتاب (ہردی پھت ہردی)کی رونمائی کی گئی ۔اس موقع پر خالد بن ولی کی زندگی اور ان کی ادب کے لئے خدمات پر مقالے پڑھے گئے اور ان کی زندگی پر سیر حاصل گفتگو کی گئی اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مرحوم کی ادب اور انسانیت کے لئے خدمات رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی تقریب سے صدر رحمان اللہ طوفان ، سرپرست اعلیٰ عنایت جلیل عنبر ،کنونیئر مہربان الٰہی حنفی ، سابق صدر انجمن خواجہ سید احمد اور بہار احمد نے خطاب کیا ۔ قاری مقصود اور ابراہیم شاہ طاہر نے اپنے جذبات کا اظہار نظم کے ذریعے کیا ۔رحمان اللہ نے کہا کہ ہم کھوار زبان کی ترقی اور ترویج کر لئے کوشش کریں گے اور اپنی تمام صلاحیت بروئے کار لائیں گے ۔انہو ں تقریب کے شرکا پر زور دیا کہ وہ کھوار زبان کو اپنے گھروں میں خط و کتابت میں اور برقی پیغامات میں استعما ل کریں تاکہ کھوار زبان کی الفاظ معدوم نہ ہوجائیں ۔نادر خواجہ نے کہا کہ چترالی زبان کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے کھوار زبان نہ صرف چترال میں بلکہ گلگت بلتستان اور سوات سمیت دیگر علاقوں میں بھی بولی جاتی ہے چترال زبان کی ترقی اور ترویج میں انجمن ترقی کھوار کی کوششیں قابل تعریف ہیں انہوں نے خالد بن ولی کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا ۔اس موقع پر انجمن کے لئے مشاعرہ کا محفل منعقد کرنے کا اعلان بھی کیا ۔