کراچی(ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان خونی انقلاب لانے کی دھمکیاں دے رہا ہے، عمران خان کیخلاف دس ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ کررہا ہوں، عمران خان غیرت مند ہیں تو فائنانشل ٹائمز پر مقدمہ کریں، ہماری ترجیح الیکشن یا سیاست نہیں معیشت اور سیلاب متاثرین کی بحالی ہے، عمران خان کی جدوجہد الیکشن پر نہیں آرمی چیف کی تقرری پر ہے۔ وکیل تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں مداخلت کرنا آئینی اداروں کی ذمہ داری ہے،وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال شوق سے عمران خان کیخلاف ہرجانے کا دعویٰ کریں ہم تیار ہیں۔ عمران خان کے فوکل پرسن برائے ثقافت سلمان احمد نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ دو بڑے اینکرز نے پیغام دیا ہے آپ کا نام ہٹ لسٹ پر ہے اپنی حفاظت کریں، مجھے کچھ ہوا تو رانا ثناء اللہ اور ہینڈلرز ذمہ دار ہوں گے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے مزید کہا کہ عمران خان اقتدار سے نکلنے کے بعد مسلسل انتشار پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں، عمران خان کی یہ سوچ بچگانہ ہے کہ میں نہیں تو کچھ بھی نہیں ہو، عمران خان یکم اپریل 2022ء کو عملی طور پر پاکستان کو دیوالیہ کرگئے تھے، وزارت خزانہ نے ترقیاتی بجٹ کی آخری قسط جاری کرنے سے معذوری ظاہر کردی تھی۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ن لیگ پچھلے چار ماہ سے معیشت اور سیلاب متاثرین کی بحالی میں مصروف ہے، ہماری ترجیح اس وقت الیکشن یا سیاست نہیں ہے۔