پشاور (لیڈی رپورٹر) پشاور میں نشے کے عادی افراد کے خلاف مڈنائٹ آپریشن ،نشے کی عادی 2خواتین سمیت 135 افراد کو تحویل میں لیکر بحالی مراکز منتقل کردیا گیا ، آپریشن رات تین بجے سے فجر تک جاری رہا ،شہر کو نشے کے عادی افراد سے مکمل صاف کرنے تک آپریشن جاری رکھا جائے ،آپریشن کا دائرہ نواحی علاقوں تک بڑھایا جائے گا، کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسو د نے ہدایات جاری کر دیں۔ منشیات سے پاک پشاور پروگرام کے موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ کی ٹیم نے نشہ کے عادی افراد کے خلاف کارخانوں مارکیٹ، فیز 3 چوک، بی آر ٹی کے تمام اسٹیشن (کارخانو سے ہشت نگری تک) مین جی ٹی روڈ، یونیورسٹی روڈ، تہکال اور ملحقہ علاقوں میں نشے کے عادی افراد کے خلاف اپریشن کیا گیا ۔ آپریشن میں اے ڈی سی ریلیف محمد عمران خان، اے سی پشاور راؤہاشم، ایڈیشنل اے سی حیات آباد انیس الاسلام، اسسٹنٹ کمشنر سیدہ زینب نقوی اور ڈی او سوشل ویلفیئر نور محمد اپریشن میں حصہ لیا اپریشن کے دوران 135 منشیات کے عادی افراد بشمول دو خواتین کو تحویل میں لئے کر علاج اور بحالی مراکز منتقل کردیا گیا ۔حیات آباد اور پشاور کے مقامی لوگوں نے ضلعی انتظامیہ پشاور کی طرف سے پشاور کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے آدھی رات کے دوران اس مہم کو چلانے پر خراج تحسین پیش کیا۔ کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر رات کے اوقات میں کاروائیاں جاری رکھنے اور شہر کو منشیات کے عادی افراد سے مکمل صفایا تک جاری رکھنے کے احکامات جاری کردیں انہوں نے نشے کے عادی افراد کا نواحی علاقوں کا رخ کرنے کے پیشِ نظر اپریشن کا دائرہ نواحی علاقوں تک بڑھانے کے احکامات بھی جاری کردیں ۔