• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم پہلے سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے، پرتپاک استقبال، دنیا مسائل اور چیلنجز کا شکار، پاک چین تعلقات مضبوط و مستحکم ہو رہے ہیں، شہباز شریف

بیجنگ (نیوز ایجنسیاں، جنگ نیوز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورہ چین پر بیجنگ پہنچ گئے، جہاں چینی حکام نے انکا پرتپاک استقبال کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں کی بحالی کے حوالے سے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے چین روانگی سے پہلے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایک جانب جہاں عالمی دنیا کئی مسائل اور چیلنجز کا شکار ہے وہیں پاکستان اور چین کے تعلقات ہر گزرتے وقت کے ساتھ مزید مضبوط اور مستحکم ہو رہے ہیں۔

دورہ چین کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات ہوگی، جس میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوگا، دونوں ممالک کے قائدین اسٹرٹیجک کوآپریشن پارٹنرشپ کا جائزہ لینگے،جبکہ دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہونگے

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے دورہ چین میں 6 ارب 30 کروڑ ڈالرز کا قرض رول اوور اور چین کےبینک (اے آئی ڈی بی) سے 50 کروڑ ڈالرز کا معاہدہ ہونے کا امکان ہے، دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی متعدد یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہونے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق منگل کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورہ چین پر بیجنگ پہنچ گئے۔ بیجنگ ایئرپورٹ پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کا اعلی چینی حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ مواصلات مولانا اسعد محمود، وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات احسن اقبال، وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیرِ ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار سردار اسرار ترین،معاونین خصوصی طارق فاطمی، سید فہد حسین، ظفر الدین محمود، جہانزیب خان اور وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دورے کے دوران وہ چینی رہنماؤں سے پاک۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی تجدید سمیت کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کرینگے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ سماجی اقتصادی ترقی کا نیا دور ہے جو دونوں ملکوں کے شہریوں کی زندگیوں بہتر کرنے میں مدد دیگا، ہمیں چینی اقتصادی پالیسی سے ابھی بہت کچھ سیکھنا ہے۔

 وزیراعظم آفس سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ وزیر اعظم شہباز شریف چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کرینگے اور اپنے ہم منصب کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کرینگے۔

وزیراعظم کے چین کے پہلے سرکاری دورے میں دوطرفہ ایجنڈے کے تحت معاہدے طے کیے جائینگے اور 27اکتوبر کو ہونے والے سی پیک جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی کے گیارہویں اجلاس کے موقع پر سی پیک کی تجدید اور استحکام پر بھی تبادلہ خیال کیا جائیگا۔

شہباز شریف نے اُمید ظاہر کی کہ دورے کے دوران چین کے ساتھ تجارت کو بھی فروغ دیا جائے گا۔ وزیراعظم نے پاک ۔ چین تجارتی معاہدے کے دوسرے مرحلے کے استعمال کے ساتھ چین کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی امید ظاہر کی ہے۔

اہم خبریں سے مزید