• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نزلہ زکام کا علاج: کھانے پینے میں احتیاط

ملک بھر میں سردی کی آمد آمد ہے۔ حتیٰ کہ کراچی میں بھی رات کے وقت درجہ حرارت میں کمی ہونے لگی ہے۔ ایسے میں لوگوں کو نزلہ زکام ہونے کا خوف طاری ہوجاتا ہے کیونکہ آلودگی اور موسم خشک ہونے سے عموماً نزلہ زکام کی شکایت ہونے لگتی ہے۔ بچے بڑے سب ہی اس سے پریشان دکھائی دیتے ہیں۔ نزلہ زکام کے ساتھ سر درد ، سردی لگنا، بخار ، جسم میں درد، کھانسی اور ناک بہنا طبیعت کو بوجھل اور نقاہت طاری کردیتا ہے۔ 

ایسے میں انسان کو بھرپور غذائیت کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ نزلہ زکام کے وائرس سے لڑنے کے لیے ضروری طاقت حاصل ہو سکے۔ ڈاکٹر اس ضمن میں یخنی، سوپ، جوشاندہ اور دیگر فائدہ مند غذائوں کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں، ساتھ ہی کچھ چیزوں سے پرہیز بھی بتاتے ہیں کیونکہ ان کی وجہ سے نزلہ زکام ٹھیک ہونے کا دورانیہ طویل ہو سکتا ہے۔ اگر آپ نزلہ زکام کے دوران پرہیز کرنے والی غذائیں کھانے پینے سے اجتناب کریں گے تو جلد ہی اس مرض سے چھٹکارا حاصل کرپائیں گے۔

دودھ سے بنی اشیا

پرانی کہاوت ہے کہ دودھ اور اس کی مصنوعات جسم میں زیادہ بلغم پیدا کرتی ہیں۔ تاہم یہ سچ ہے کہ کچھ لوگوں کیلئے دودھ بلغم کو گاڑھا بنا سکتا ہے اور اس کو زیادہ دیر تک قائم رکھ سکتا ہے۔ اس لیے اگر دودھ پینے سے آپ کے سینے میں زیادہ جکڑن (Congestion) ہورہی ہے تو اس سے پرہیز کرنا ہی دانشمندی ہے۔ لیکن اگر نزلہ زکام نہیں ہے تو دیگر بیماری میں دودھ اور دہی جیسی چیزوں کے استعمال سے فوائد حاصل ہوسکتے ہیں۔ ان دونوں میں پروٹین اور وٹامن ڈی موجود ہوتے ہیں جو آپ کے جسم کو انفیکشن سے لڑنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ دہی میں پروبائیوٹکس ہوتے ہیں، جو گڈ بیکٹیریا ز(فائد ہ مند )کو توازن میں رکھنے میں مدد فراہم کرسکتے ہیں۔

ریفائنڈ اناج

پیٹ کی خرابی میں مبتلا زیادہ تر لوگ چاول اور ٹوسٹ کی بجائے مسالہ دار اور غذائیت سے بھرپور خوراک کھانے سے پرہیز کرتے ہیں۔ اس حکمت عملی کا منفی پہلو یہ ہے کہ ریفائنڈ کاربوہائیڈریٹ جسم میں جا کر شوگر کی شکل میں جلدی سے ٹوٹ جاتے ہیں، نتیجتاً خون کے اندر گلوکوز کی مقدار میں اضافہ ہوجاتا ہے اور تھوڑی ہی دیر میں دوبارہ بھوک محسوس ہونے لگتی ہے۔ ایسے ہی کاربوہائیڈریٹ بھی سوزش کے ساتھ وابستہ ہیں، جن سے ہر قیمت پر آپ کو پرہیز کرنا چاہیے۔ جب آپ بیمار ہوں تو ثابت اناج (سفید آٹا نہیں ) یا برائون رائس پر گزارا کریں، یہ آپ کو جلد بھوک نہیں لگنے دیں گے۔

گوشت

نزلہ زکام سے لڑتے ہوئے اپنی طاقت کو برقرار رکھنے کیلئے پروٹین لینا لازمی ہے اور یہ گوشت میں بہت زیادہ پایا جاتا ہے۔ تاہم، اس میں بہت ساری چربی بھی ہوتی ہے، جسے ہضم کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ کچھ ماہرین کا مشورہ ہے کہ جانوروں کی چربی آپ کے جسم کے ان جراثیموں کو نکالنے کی صلاحیت میں کمی لاتی ہے، جن سے نزلہ زکام ہوتا ہے اور اس وجہ سے آپ کو علامات کا سامنا زیادہ عرصے تک کرنا پڑتا ہے۔ اپنی پروٹین کی ضرورت کو انڈوں، دال، چنے، پھلیوں، گری دار میوے ، سویابین اور چاول سے حاصل کرنا بہتر ہے۔

فاسٹ فوڈ

چکنائی والی چیزیں جیسے چپس ، فرنچ فرائز، برگر اور پیزا میں بہت سارے ٹرانس فیٹ یا سبزیوں کا تیل ہوتا ہے۔ یہ جسمانی طور پر شدید سوزش کا سبب بنتے ہیں اور مدافعتی نظام بڑھنے سے روکتے ہیں۔ چکنائی والا کھانا ہضم کرنا مشکل بھی ہوتا ہے اور یہ متلی کے احساس میں اضافہ کرسکتا ہے۔ جب آپ کو محسوس ہوکہ آپ کو واقعی کھانا کھانا ہے تو اس قسم کے اسنیکس سے پرہیز کریں اور پروٹین والی غذائوں سے شکم پر کریں۔

میٹھی اشیا

نزلہ زکام کے دوران بہت زیادہ میٹھی یا چینی والی غذائیں کھانا پریشانی کا باعث بن سکتی ہیں کیونکہ ان سے سوزش (inflamation) ہوتی ہے۔ میٹھی اشیا سے بلغم کا اخراج مشکل ہوجاتاہے ، جو گرم اور نم ماحول کی ایک قسم ہے، اس میں نزلہ زکام کا وائرس ر ہنا پسند کرتاہے ۔ سوزش جسم کے انفیکشن کو ختم کرنے والے سفید خون کے خلیوں (white blood cells) کو بھی کمزور کر سکتی ہے۔ اگرچہ ادرک کا قہوہ نزلہ زکام میں فائدہ دیتا ہے، تاہم اسے بغیر چینی کے نوش فرمانے سے زیادہ افاقہ ہوگا۔

کیفین

ہر شخص کو بیماری میں بہت سار ا پانی پینا چاہیے۔ پانی کی کمی یعنی ڈی ہائیڈریشن بھی نزلہ زکام کا باعث بنتی ہے۔ نزلہ زکام میں ہونے والے بخار کی وجہ سے پسینہ آنے اور بار بارقے ہونےسے پانی کی کمی ہو سکتی ہے ۔ لہٰذا نہ صرف اضافی پانی پینے کی ضرورت ہوتی ہے بلکہ کیفین کی صورت میں مشروبات لینے سے بھی پرہیز کرنا چاہیے کیونکہ اس کی وجہ سے زیادہ پیشاب آسکتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ کیفین ڈی ہائیڈریشن کا سبب بنتا ہے، تاہم اس پر ابھی تحقیق جاری ہے۔ بار بار بیت الخلاء جانے سے بہتر ہے کہ کیفین والے مشروبات پینے سے گریز کیا جائے اور زیادہ سے زیادہ آرام کیا جائے کیونکہ یہ نزلہ زکام ٹھیک کرنے کیلئے ضروری ہے۔

نزلہ زکام میں مفید غذائیں

٭ چکن سوپ/یخنی: نزلہ زکام پر قابو پانے کیلئے چکن سوپ یا یخنی بہترین انتخاب ہوسکتا ہے۔ تحقیق سے معلوم ہوتا ہے کہ سبزیوں کے ساتھ تیار کیا گیا سوپ یا مرغی کی یخنی جسم میں نیوٹروفلز (Neutrophils)کی نقل و حرکت کو سست کرتی ہے۔ ایک اور تحقیق سے ثابت ہے کہ چکن سوپ اَپر ریسپائرٹی انفیکشن کی علامات کو بھی کم کرنے میں مؤثر ثابت ہوتا ہے۔

٭ ادرک: صحت کیلئے ادرک انتہائی مفید اور صدیوں سے آزمودہ ہے۔ کھانسی اور نزلہ زکام ہونے کی صورت میں ایک چمچ شہد میں ادرک کے رس کے چند قطرے کھانے سے افاقہ ہوتا ہے۔

٭ لہسن: اس میں ایلیسن نامی مرکب موجود ہوتا ہے، جس میں اینٹی مائیکروبیل خصوصیات پائی جاتی ہیں۔ تحقیق کے مطابق لہسن کا باقاعدہ استعمال نزلہ زکام کے حملے کو زائل کرتا ہے۔

صحت سے مزید