بیجنگ(ایجنسیاں)وزیراعظم محمد شہباز شریف چین کے دو روزہ کامیاب سرکاری دورے کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے۔
قبل ازیں پاکستان اور چین نے ای کامرس ڈیجیٹل معیشت، زرعی مصنوعات کی برآمد، مالیاتی تعاون، ثقافتی املاک کے تحفظ، انفراسٹرکچر، سیلاب سے نجات، آفات کے بعد تعمیر نو کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کا احاطہ کرتے ہوئے متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے۔
شہبازشریف کے دورہ چین کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیاجس کے مطابق پاکستان اور چین کی قیادت نے سی پیک اور پاک چین دوستی کے خلاف ہر طرح کے خطرات اور عزائم کو ناکام بنانے اور زراعت، ، کان کنی، آئی ٹی، سماجی و اقتصادی ترقی کے شعبوں میں تعاون ، صحت، صنعت، ڈیجیٹل و گرین کوریڈورز قائم کرنے سمیت دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم اظہار کیا ہے جبکہ پاکستان نے ملک میں تمام چینی عملہ، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت اور تحفظ کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔
شہباز شریف نے بدھ کوچین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی جس میں چین کی جانب سے معاشی استحکام کے لیے پاکستان کی مدد کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔
ملاقات میں چین اور پاکستان کے درمیان باہمی، خصوصاً اقتصادی شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوئی۔
چین اور پاکستان کے مابین سی پیک سمیت کثیر جہتی تعاون بڑھانے اور اسٹریٹجک پارٹنرشپ مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔