سلاؤ (اورنگزیب چوہدری )قرآن و سنت پر سو فیصد عمل کر کے ترقی خوشحالی اور کامیابی مل سکتی ہے۔ میلاد النبیؐ کی محفل باعث رحمت ہے، ایسی تقریبات میں شرکت باعث اجر و ثواب ہے ، حضور پاک کی زندگی کا احاطہ کرنا تو انسان کے لئے شاید ممکن نہ ہو لیکن ہر شعبہ ہائے زندگی میں وہ عام انسان کے لئے بہترین عملی نمونہ تھے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان سے آئے ممتاز عالم دین مولانا محمد زبیر احمد نقشبندی خطیب اعظم دربار عالیہ کھڑی شریف میرپور نے سلاؤ میں سابق کونسلر چوہدری منور چیچی کی طرف سے منعقدہ عید میلاد النبیؐ کی پروقار تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا آپ صلی اللہ علیہ والے وسلم پوری دنیا کے لیے رول ماڈل تھے، آپ صلی اللہ علیہ والے وسلم نے علم و نور کی ایسی شمع روشن کی جس نے عرب جیسے علم و تہذیب سے عاری معاشرے میں جہالت کے اندھیروں کو ختم کر کے اسے دنیا کا تہذیب یافتہ معاشرہ بنا دیا، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی تعلیمات میں امن ،اخوت ،بھائی چارہ ،یکجہتی اور ایک دوسرے کو برداشت کا درس دیا۔جہاں ایک طرف اس ماہ ہم آپ صلی اللہ علیہ والے وسلم کی ولادت کا جشن مناتے ہیں وہیں ہم پر لازم ہے کہ ہم آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کریں، تب ہی ہم آپ صلی اللہ علیہ والے وسلم سے محبت کا دعویٰ کرسکتے ہیں، آج کے اس دور میں اگر ہم اپنے انفرادی اور اجتماعی مسائل کو بھول کر ملت اسلامیہ کے عظیم مفاد میں اکھٹے ہوجائیں اور آپؐ کی تعلیمات کو اپنے لیے مشعل راہ بنالیں تو گھر کی دہلیز سے ریاست اور عالم اسلام کی مضبوطی تک تمام مسائل حل ہو جائیں، اسلام امن پیار و محبت کا درس دیتا ہے، اسلام کے زرّیں اصولوں اور نبی پاک صلی اللہ علیہ والے وسلم کی تعلیمات کو اپنا کر ہم دین و دنیا میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ میلاد پاک کی پروقار تقریب کے سٹیج سیکرٹری کے فرائض ممتاز عالم حافظ محمد اسرار نے سرانجام دیئے، میزبان تقریب سابق کونسلر چوہدری منور چیچی نے تمام شرکا تقریب اور علمائے دین کا شکریہ ادا کیا۔ جبکہ نعت خوانی کا شرف حاصل کرنے والوں میں میڈن ہیڈ مسجد کے چیئرمین ممتاز نعت خواں حاجی صغیر احمد، چوہدری جمیل، ملک نصیر اعوان، چوہدری امتیاز، علامہ راغب علی، میاں اصغر، حاجی شیر، طاہر چوہدری، شیخ عامر، حافظ صادق سمیت دیگر نے حاصل کیا، جبکہ تقریب میں سابق میئر سلاؤ کونسلر چوہدری نذیر، آزاد کشمیر کے سابق وزیر محمود ریاض، بیرسٹر اظہر چوہان، بیرسٹر الفاظ چوہدری سمیت سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔