• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حملہ کے ذمہ دار شہباز شریف اور رانا ثناء فوراً استعفیٰ دیں، سلمان احمد

کراچی(ٹی وی رپورٹ)عمران خان کے فوکل پرسن برائے ثقافت سلمان احمدنے کہا ہے کہ مخالفین عمران خان کو بیلٹ سے نہیں بلٹ سے ہرانا چاہتے ہیں، شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ حملہ کے ذمہ دار ہیں انہیں فوراً استعفیٰ دینا چاہئے، عمران خان پر قاتلانہ حملہ کا چیف جسٹس آف پاکستان کوا زخو د نوٹس لینا چاہئے، حملہ آور کے فوری جاری ہونے والے بیان کو مسترد کرتے ہیں۔

ن لیگ کے رہنما میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ عمران خان پر قاتلانہ حملہ قابل مذمت ہے، کو ئی بھی واقعہ ہو فوری بعد ادارے کی طرف انگلی اٹھادی جاتی ہے، ملزم سے مکمل تفتیش کئے بغیر آدھے گھنٹے میں بیان میڈیا پر لانا غلط ہے

 تحقیقات کئے بغیر حملہ کا الزام شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ پر ڈال دیا گیا، سیکیورٹی اقدامات نہ کرنے پر چوہدری پرویز الٰہی کیخلاف مقدمہ ہونا چاہئے، پنجاب کی آدھی پولیس عمران خان کی حفاظت کررہی تھی۔

وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں سینئر صحافی و تجزیہ کار رؤف کلاسرا، بیوروچیف جیو نیوز لاہور رئیس انصاری اور نمائندہ جیو نیوز لاہور احمد فراز نے بھی گفتگو کی۔

 عمران خان کے فوکل پرسن برائے ثقافت سلمان احمدنے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ عمران خان قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہونے کے باوجو دزندہ ہیں یہ معجزہ ہے،یہ ہر حد پار کرچکے ہیں

 رانا ثناء اللہ نے ٹوئٹس کے ذریعے عمران خان کو براہ راست ٹارگٹ کیا ہے، ملک کا وزیرداخلہ مولا جٹ بن جائیں اور دھمکیاں دیں تو کیا ہوگا، آج مخالفین کی پوری کوشش تھی کہ بلٹ سے کہانی ختم کردیں۔ سلمان احمد نے بتایا کہ تین مہینے سے عمران خان کو لاحق خطرات کی نشاندہی کررہا ہوں

 عمران خان ہیلی کاپٹر پر ڈی آئی خان گئے تو واپسی پر دونوں انجن فیل ہونے کی ریڈ لائن جل اٹھی تھی، کسی نے تیل میں ملاوٹ کردی تھی جس کی وجہ سے ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی، پائلٹ نے بتایا کہ اگر پہاڑوں پر ہوتے تو ہیلی کاپٹر کریش ہوجاتا،اس کے علاوہ گوجرانوالہ سے واپسی پر عمران خان کی گاڑی کے پیچھے آنے والی گاڑی کے انجن میں آگ لگ گئی تھی۔ سلمان احمد کا کہنا تھا کہ عمران خان نے سیالکوٹ جلسے میں کھل کر بتایا کہ انہیں ختم کرنے کا پلان بنایا گیا ہے، ویڈیو میں پلان بنانے والوں کے نام بتادیئے ہیں اگر مجھے کچھ ہوا تو وہ نام سامنے آجائیں گے

 اتحادی حکومت کے 60 فیصد وزراء ضمانت پر ہیں، ن لیگ کے ہی عابد شیرعلی کے والد کہتے ہیں رانا ثناء اللہ نے 24قتل کیے ہیں، ماڈل ٹاؤن کا قتل عام بھی رانا ثناء اللہ کے ماتحت ہوا تھا، شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کے بعد سے گلزار احمد، مزمل راجہ، غلام شبیر، مقصود چپراسی، ڈاکٹر رضوان ، عمران رضا اور ارشد شریف کی اموات ہوئیں۔

 سلمان احمد کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کے قتل پر انٹرنیشنل جوڈیشل کمیشن بننا چاہئے، شہباز شریف نے ارشد شریف قتل کی تحقیقات کیلئے کمیشن میں دو نمبرز لوگ شامل کئے

 شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ کو فوری طور پر استعفیٰ دینا چاہئے، پی ڈی ایم کی حکومت بیس میل پر ہے مگر پورے ملک کو نشانہ بنایا ہوا ہے، شہباز شریف لوگوں کو قتل کرانے میں ماسٹر ہیں، ان کی وزارت اعلیٰ میں پنجاب میں درجنوں انکاؤنٹرز ہوئے۔

اہم خبریں سے مزید