• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران نے جس رویے کی آبیاری کی خود اسی کا نشانہ بنے، احسن اقبال

کراچی(ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہےکہ عمران خان نے جس رویے کی آبیاری کی خود اسی کا آج نشانہ بنے ہیںپہلے سے واقعہ کا پتا تھا تو سکیورٹی اقدامات کیوں نہیں کئے، وہ اور ان کی ٹیم واقعہ سے متعلقسوالوں کے جواب دے۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں میزبان شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ڈی پی او گجرات سید غضنفر شاہ نے بھی گفتگو کی۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے مزید کہا کہ عمران خان کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کی مذمت کرتا ہوں، اسی طرح کے ایک جنونی شخص نے میری جان لینے کی کوشش کی تھی، میرے ساتھ اس سے زیادہ خوفناک حادثہ پیش آیا تھا مگر ہم نے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش نہیں کی تھی، عمران خان پر گولی چلانے والے شخص کے خیالات سامنے آگئے ہیں، مجھے گولی لگی تو عمران خان اور پی ٹی آئی نے اس رویے کی آبیاری کی تھی، عمران خان نے اس رویے کی حوصلہ افزائی اور عوامی امنگوں کی ترجمانی قرار دیا تھا، عمران خان جس رویے کی آبیاری کرتے رہے آج خود بھی اسی کا نشانہ بن گئے ہیں۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ انتہاپسندی ختم کرنے کیلئے لائحہ عمل بنانا ہوگا ورنہ کوئی محفوظ نہیں رہے گا، عمران خان نے پچھلے کئی سالوں میں اپنے حمایتوں کے اندر جنونیت پیدا کی ، اس جنونیت کا مظاہرہ نواز شریف کے گھر کے باہرہوتا ہے، مریم اورنگزیب اور میرے ساتھ بھی عوامی مقامات پر اس جنونیت کا مظاہرہ کیا گیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ اس واقعہ پر قومی سلامتی کے اداروں کی طرف توپوں کا رخ کرنا انتہائی قابل مذمت ہے، عمران خان کے ساتھ واقعہ وہاں پیش آیا جہاں ان کی حکومت ہے، عمران خان اور پی ٹی آئی رہنما کہہ چکے ہیں انہیں پتا تھا وزیرآباد میں ایسا واقعہ ہوگا، چوبیس گھنٹے پہلے واقعہ کا پتا تھا تو سکیورٹی اقدامات کیوں نہیں کئے، اس واقعہ سے جڑے سوالوں کے جواب عمران خان کی ٹیم کو دینے ہیں۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی ناکامی اور غفلت کا ملبہ قومی سلامتی کے اداروں پر ڈال رہے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید