اسلام آباد (صالح ظافر) دو ماہ سے بھی کم وقت میں چائنیز صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے اسٹریٹجک رہنمائی فراہم کی ہے اور اس سے دونوں ملکوں کے درمیان باہمی اسٹریٹجک پارٹنرشپ کی عکاسی بھی ہوتی ہے۔ چائنیز وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لی جیان نے وزیراعظم شہباز شریف کے دورے کے اختتام پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کی نظر میں وزیراعظم شہباز شریف کا دو روزہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز کو دورے کیلئے سرکاری سطح پر دعوت دی گئی تھی اور یہ عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کا پہلا دورہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے اجلاس کے بعد یہ کسی بھی غیر ملکی شخصیت کا پہلا دورہ تھا۔