لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے پی ٹی آئی، پیپلزپارٹی اور پی ڈی ایم کو چھتری فراہم کی۔ملک میں انارکی اور افراتفری کا سماں، عوام غیر محفوظ، مضطرب اور مایوس ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ کی مسلط کردہ تینوں حکمران جماعتوں نے ملک کو بندگلی میں دھکیل دیا، سیاست اور جمہوریت انتشار کا شکار ہے۔ ملک کو موجودہ نہج تک پہنچانے والوں کو عوام کا سامنا کرنا پڑے گا اوراللہ کے سامنے بھی جواب دہ ہونا ہوگا۔ فوجی مارشل لاز اور جمہوری حکومتوں کے تجربات ناکام، مسائل کا حل اسلامی نظام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس اور ضلعی امیر کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی بلوچستان عبدالحق ہاشمی، نائب امیر صوبہ عبدالکبیر شاکر اور امیر کوئٹہ حافظ نور علی بھی اس موقع پر موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ قوم کو لڑاؤ اور تقسیم کرو کے ایجنڈے پر گامزن حکمران طبقہ اپنے مفادات کے لیے ہر ظالمانہ کھیل کھیلنے کو تیار ہے۔ بلوچستان کے لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ جاگیرداروں اور سرداروں کے بجائے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔