فیصل آباد(نمائندہ جنگ) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ72گھنٹوں بعد بھی سابق وزیر اعظم عمران خان پر قاتلانہ حملہ کی ایف آئی آر درج نہیں ہوسکی۔درخواست میں نامزد3شخصیات کے مستعفی ہوئے بغیر شفاف تحقیقات نہیں ہو سکتیں،حقیقی آزادی تحریک میں کارکنوں نے پسینہ ،عمران خان نے خون بہایا۔ ظالموں کا قتل کرنے کا منصوبہ ناکام ہو گیا، عمران خان نے 8 نومبر سے حقیقی آزادی مارچ جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔ مارچ وہیں سے شروع ہو گا جہاں گولیاں مارکر روکا گیا تھا۔پاکستان کو اس دلدل سے عمران خان کے علاوہ کوئی دوسرا نہیں نکال سکتا۔آزادی طشتری میں رکھ کر نہیں ملتی، اس کے لئے خون اور پیسنہ بہانا پڑتا ہے۔ حقیقی آزادی کی تحریک میں کارکنوں نے پسینہ بہایا تو قائد عمران خان نے اپنا خون بہایا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد چوک گھنٹہ گھر میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ کے خلاف منعقدہ احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔