لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں نے سیلاب زدگان کے لیے اعلان کی گئی امداد کا کہیں استعمال نہیں کیا، تین ماہ گزر گئے، لاکھوں متاثرین بے سہارا بیٹھے ہیں۔ پی ڈی ایم، پی ٹی آئی کی لڑائی میں غریب بھی کچلا گیا، متاثرین سیلاب کی بحالی بھی پس پشت ڈال دی گئی۔ حکمران جماعتیں اسٹیبلشمنٹ کی چھتری کے حصول کے لیے ملک اور عوام کے ساتھ خطرناک کھیل کھیل رہی ہیں۔ مہنگائی، غربت، بے روزگاری نے 22کروڑ عوام کی زندگی اجیرن بنا دی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ڈیرہ غازی خان میں سیلاب متاثرین کو نئے تعمیر شدہ گھر دیے جانے کے موقع پر ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے بستی گدووانی اور بستی وڈانی میں نئے مکانات کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا گیا تھا ۔ سراج الحق نے کہا کہ حکمران جماعتیں جھوٹ کی بنیاد پر سیاست کر رہی ہیں، موجودہ و سابقہ حکومتیں ملک کی حالیہ تباہی کی ذمہ دار ہیں، ان حکمرانوں نے بلوچستان اور گوادر کے عوام سے جھوٹ بولا، کراچی کے لیے اربوں روپے کے پیکیجز اعلان کیے گئے جو کاغذوں کی حد تک ہی محدود رہے، حکمرانوں نے قبائلی علاقوں کے عوام کو دھوکا دیا، یہ لوگ ایکسپوز ہو گئے اور آزمائے جا چکے ہیں۔