• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران کے بارے میں جرمنی کا موقف مداخلت پسندانہ ہے، ایران

تہران (نیوز ڈیسک ) ایران نے اپنے بارے میں جرمن چانسلر کے بیان کو مداخلت پسندانہ، اشتعال انگیز اور غیر سفارتی قرار دیا ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ایران کے بارے میں جرمن چانسلر کے حالیہ موقف کو مداخلت پسندانہ، اشتعال انگیز اور غیر سفارتی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے انسانی حقوق کے کچھ دعویداروں نے صدام کی حکومت کی اندھی اور غیر انسانی حمایت کے دوران ایران کے باوقار اور مزاحمتی عوام کے خلاف اپنے سیاہ ریکارڈ کو فراموش کر دیا اور جوہر ی معاہدے سے امریکہ کے انخلا کے بعد بھی ایران پر ظالمانہ پابندیاں عائد کیں۔ ناصر کنعانی نے مزید کہا کہ دہشت گردانہ کارروائیوں اور حال ہی میں حضرت شاہ چراغ کے مقدس مزار پرتکفیری گروہ داعش کے دہشت گردانہ حملے کے خلاف انسانی حقوق کے دعویداروں کی ڈرامائی خاموشی نے انسانی حقوق کو ان کیلئے سیاسی کھیل بنا دیا ہے۔ ترجمان وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ انسانی حقوق کے بنیادی اصولوں بشمول انسانی وقار، بیگانہ طاقت کا مقابلہ کرنے اور مظلوموں کا دفاع ایران کی ہمیشہ سے ذمہ دارانہ پالیسی رہی ہے، جبکہ جرمنی نہ فقط اس سے پہلو تہی کر رہا ہے بلکہ ایران کے خلاف سرگرم دہشت گردوں اور علیحدگی پسند گروہوں کو پناہ دیئے ہوئے ہے، ساتھ ہی ساتھ طفل کش صیہونی حکومت کے جرائم کے خلاف دوغلی پالیسی اپنائے ہوئے اور خود کو انسانی حقوق کے محافظ کے طور پر پیش کرتا ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ تاریخی تعلقات کی تباہی کے طویل مدتی نتائج بر آمد ہوتے ہیں اور جرمن حکام سے اسلامی جمہوریہ ایران کے انسانی حقوق کے مطالبات کی ایک طویل فہرست ہے، اس لیے جرمنی کو چاہئیے کہ وہ ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے ہوش کے ناخن لے اور تعلقات کو مزید الجھانے سے روکے، اس لئے کہ باہمی احترام اور باہمی مفادات ہی پائیدار تعاون کا واحد راستہ ہے۔
یورپ سے سے مزید