لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے ہی دراصل پہلے PTIاور پھر PDMکی حکومت قائم کی ، یہ وہی سیاستدان ہیں جو گزشتہ 75 سال سے نظریہ پاکستان کے ساتھ بے وفائی کر رہے ہیں،افسوس کی بات ہے کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی سیاست ایک فوجی جنرل کی تعیناتی کے گرد گھوم رہی ہے ،ان دونوں کی سیاست صرف اسٹیبلشمنٹ کی چھتری تلے ہی چل سکتی ہے، ان خیالات کا اظہارانہوں نے منصورہ میں مختلف اضلاع کے ذمہ داران کی تربیتی ورکشاپ اور شیخوپورہ میں امیر جماعت اسلامی ضلع شیخوپورہ رانا تحفہ دستگیر کے بیٹے کی دعوت ولیمہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہاآج ملک میں جہالت کے اندھیرے اور غربت کے دھویں بھی انہی ظالم حکمرانوں کا عوام کو تحفہ ہیں ، جماعت اسلامی ملک میں کسی فرد یا خاندان کی بجائے آئین کی مکمل بالا دستی چاہتی ہے ،اب وہ دن دور نہیں جب عوام اور خصوصی طور پر نوجوان جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے فیصلہ کن جمہوری جدوجہد میں کامیاب ہونگے اور پاکستان حقیقی معنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔