بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل ) پاکستان اور انگلینڈ کےدرمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں انگلینڈ کی کامیابی پر کمیونٹی کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا گیا ۔ انگلینڈ کی جیت میں کلیدی کردار اداکرنے والے بریڈفورڈ کے کرکٹر عادل رشید کے والد محمدرشید نے کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں فخرہے کہ عادل اور معین خان نے فائنل میں اچھی پرفارمنس کامظاہرہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیمیں ہماری ہیں ۔ہماری وفاداری دونوں ملکوں کے ساتھ ہے۔ عادل رشید کے فیملی ممبر جاوید بشیر کا کہنا تھا کہ بحیثیت برٹش پاکستانی ہمیں فخر ہے کہ دونوں ٹیمیں فائنل میں پہنچیں اورانگلینڈ فاتح رہا۔ برٹش پاکستانی کشمیری نوجوان کرکٹ کے کھیل میں اپنی نمایاں کارکردگی سے اپنے وطن کا نام روشن کر رہے ہیں۔ فائنل میچ دیکھنے کے لیے بعض جگہوں پر بڑی اسکرینوں کا انتظام کیا گیا تھا جہاں انتہائی پُرجوش انداز میں شائقین نے کرکٹ میچ دیکھا۔ لیڈز کے سابق لارڈ میئر محمد اقبال کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیموں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا، ہار جیت کھیل کاحصہ ہے، ہمارے فاسٹ بولر شاہین آفریدی ان فٹ نہ ہوتےتو میچ کی صورت حال مختلف ہوتی ۔