پشاور(وقائع نگار)صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی سات روزہ انسداد پولیو 28نومبر سے شروع ہو رہی ہے۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاورشفیع اللہ خان کی زیر صدارت انسداد پولیو کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) محمد عمران خان، انتظامی افسران ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد ادریس،ڈپٹی ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر ڈاکٹر نوید خورشید،ڈپٹی ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر ڈاکٹر سیف اللہ،این سٹاپ آفیسر ڈاکٹر نیئر جمال، کمیونیکیشن آفیسر فیصل خان سمیت انتظامی افسران،محکمہ صحت، پولیس اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں انسداد پولیو مہم کے بارے میں تفصیل سے بات چیت ہوئی۔ڈپٹی کمشنرپشاورکے مطابق28نومبر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے دوران پشاور بھر میں8لاکھ 66ہزار 603بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جس کے لیے 2496ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں اور ان ٹیموں کی سیکیورٹی کا بھی خاطر خواہ بندوبست کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنرپشاورشفیع اللہ خان نے والدین سے اپیل کی ہے کہ اپنے بچوں کو مستقل معذوری سے بچانے کے لیے پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں اورانسدا دپولیو ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ پشاور سے پولیو وائرس کا خاتمہ کیا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں پولیو کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کر نا ہو گا اور ہماری مشترکہ کوششوں سے ہی پولیو کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا