کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست شروع سے لیکر آج تک اسی ایک تعیناتی کے اردگرد گھومتی ہے، سڑکوں پر تماشا لگایا ہوا ہے،افسوس کہ ایک تعیناتی کے بارے میں ہر طرف سے غیرضروری سیاست کی جارہی ہے، اتحادیوں اوراپوزیشن اس ایشو کومتنازع نہ بنائیں، آئین اور قانون کے تحت تعیناتی پروسیس مکمل ہونا چاہیے ، اس وقت ہمارا نظام نہیں چل رہا، جب تک اداروں کو اہمیت نہیں دی جائیگی اور مسائل حل کرنے کی نیت سے کام نہیں کرینگے عوام مشکل میں ہوگی، قومی مفاد کو ترجیح دی جائے تو پاکستان کے مسائل کا حل نکال سکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاؤ یونیورسٹی میں انکولوجی یونٹ کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق سوال کے جواب میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم سب کی اولین ترجیح اپنا ملک اور ملک کے عوام کی خدمت کرنا ہونا چاہیے، افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ ہر طرف سے آرمی چیف کی تعیناتی پر غیر ضروری سیاست کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے اتحادیوں میں سے بھی کسی کو جلسے میں کھڑے ہوکر اس پر بات نہیں کرنی چاہیے، اسی طرح اپوزیشن کو بھی اس معاملے کو متنازع بنا کر سیاست نہیں کرنا چاہیے، قومی مفاد کو ترجیح دی جائے تو پاکستان کے مسائل کا حل نکال سکتے ہیں، عمران خان کی سیاست شروع سے لیکر آج تک اسی ایک تعیناتی کے اردگرد گھومتی ہے۔