کراچی (نیوز ڈیسک) انڈونیشیا کے شہر بالی میں ہونیوالے جی ٹوئنٹی کے اجلاس کے موقع پر ایک ناخوشگوار واقعہ یہ پیش آیا کہ چائنیز صدر شی جنپنگ اور کینیڈا کے وزیراعظم جسٹس ٹروڈو کے درمیان باہمی سطح پر ہونے والی بات چیت کے مندرجات لیک ہو گئے جس پر چائنیز صدر شدید ناراض ہوئے۔
انٹرنیٹ پر جاری ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس صورتحال پر چائنیز صدر سیخ پا ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، دونوں رہنماؤں کو گرما گرم بحث میں مشغول دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح چائنیز صدر کینیڈین وزیراعظم کی طبیعت صاف کر رہے ہیں۔
واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ چائنیز صدر اس صورتحال سے سخت ناراض ہیں اور کینیڈین وزیراعظم کو بتا رہے ہیں کہ دونوں کے درمیان گزشتہ روز ہونے والی بات چیت کینیڈین پریس میں لیک ہوئی۔
اس صورت حال کے بعد چائنیز صدر اور برطانوی وزیراعظم رشی سونک کے درمیان طے شدہ ملاقات منسوخ کر دی گئی۔
اس سے قبل برطانوی وزیراعظم کو حکام نے مشورہ دیا تھا کہ چائنیز صدر کے ساتھ بات چیت میں نرمی کا مظاہرہ نہ کریں۔