واشنگٹن (نیوزڈیسک) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ نے والد کی الیکشن مہم کا حصہ بننے سے انکار کر دیا۔ ٹرمپ نے 2024ء کے صدارتی انتخابات لڑنے کا اعلان کیا ہے اور صدارتی انتخابات لڑنے کے حوالے سے کاغذات نامزدگی بھی جمع کرا دیے ہیں۔ کاغذات جمع کراتے وقت ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا موجود نہیں تھیں۔ اپنے ایک بیان میں ایوانکا نے کہا کہ میرا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ میں نجی زندگی کو ترجیح دینا چاہتی ہوں۔ دوسری جانب ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میرے 4سالوں میں سب کچھ اچھا رہا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ چین نے 2020ء کے الیکشن میں مداخلت کی تھی، جس کی وجہ سے وہ ہار گئے تھے۔ امریکا میں بڑھتی مہنگائی، گیس کی آسمان چھوتی قیمتوں، توانائی کی قلت، سرحدی کنٹرول کے ممکنہ نقصان، اور افغانستان سے انخلاکا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ جو بائیڈن کی 2برس کی مدت امریکیوں کے لیے مشکل اور مایوسی کا وقت رہا ہے۔