اسلام آباد (نمائندہ جنگ، اے پی پی) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سابق حکومت کیخلاف کوئی امریکی سازش نہیں ہوئی تھی، عمران خان کے نئے یوٹرن کو خوش آمدید کہتے ہیں، اگر عمران خان نے خود کہا ہے کہ انہوں نے امریکی سازش کے بیان کو پیچھے چھوڑ دیا ہے تو اب ہمیں بھی اس بیان کو چھوڑنا چاہیے،امریکی سازش کے معاملے پر عمران خان مکر چکے ہیں، نہ کل کوئی امریکی سازش تھی اور نہ آج ہے، ہم بہت مشکل دور سے گزر کرآئے ہیں، خارجہ پالیسی سے متعلق ہمیں چیلنجز کا سامنا تھا، اس میں بہتری کیلئے کام کررہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹو نے پاک بھارت تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ 2019 میں بھارتی حکومت نے اقوام متحدہ کی قرارداد اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی جس کی وجہ سے تعلقات میں خلل پیدا ہوا اور میرا یقین ہے کہ پاکستانی عوام اپنے پڑوسی ممالک کیساتھ پرامن اور بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔