اسلام آباد(خبرایجنسیاں)احتساب عدالت نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کے نیب ریفرنس کی کارروائی ختم کردی، جج محمد بشیر نے ریمارکس دیئے کہ ترمیمی ایکٹ کے بعد درخواستوں پر فیصلے کا اختیار نہیں،ہم نیب ہیں نہ ہی ملزمان کے حق میں فیصلہ دے سکتے ہیں،عدالت نے اسحاق ڈار سمیت دیگر 3ملزمان کی بریت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ریفرنس نیب کو واپس بھجوا دیا۔ منگل کو احتساب عدالت اسلام آباد میں اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت ہوئی جس میں جج محمد بشیر نے محفوظ شدہ فیصلہ سنایا جس کے مطابق عدالت نے قرار دیا کہ نئے ایکٹ کے تحت ہمارا دائرہ اختیار نہیں بنتا،عدالت نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سمیت دیگر تین ملزمان کی بریت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ریفرنس نیب کو واپس بھجوا دیا،عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ ترمیمی ایکٹ کے بعد بریت کی درخواستوں پر فیصلہ بھی ہمارا اختیار نہیں،نہ ہم نیب ، نہ ہی ملزمان کے حق میں فیصلہ دے سکتے ہیں۔