اسلام آباد (مہتا ب حیدر/ نیوز ایجنسی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے گزشتہ ماہ ہونے والے 11ویں مشترکہ تعاون کمیٹی (جے سی سی) کے اجلاس اور وزیر اعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ چین کے بعد منگل کو سی پیک منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ سی پیک منصوبوں پر عملدرآمد کو تیز کریں۔27 اکتوبر کو 11ویں جے سی سی کا اجلاس پروفیسر احسن اقبال اور وائس چیئرمین نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن (این ڈی آر سی) کی مشترکہ صدارت میں وزات منصوبہ بندی میں ہوا تھا جس میں دونوں فریقین نے سی پیک منصوبوں کو تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا جبکہ جے سی سی کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ چین بھی ہوا جس میں متعدد یادداشتوں پردستخط کئے گئے تھے۔منگل کو ہونے والے اجلاس میں سی پیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، چیف اکنامسٹ، وزارت منصوبہ بندی اور مختلف وزارتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔