• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈکپ، پرتگال کی فاتحانہ انٹری، سنسنی خیز مقابلے میں گھانا کو شکست، کپتان رونالڈو نے تاریخ رقم کردی

کراچی (شکیل یامین کانگا / اسٹاف رپورٹر) فیفا ورلڈ کپ میں کرسٹیانو رونالڈو کی پرتگال نے فاتحانہ انٹری دیدی۔ افریقی حریف گھانا نے آخرتک ڈٹ کر مقابلہ کیالیکن بدقسمتی ان کے آڑے آگئی اور میچ میں پرتگالی کھلاڑیوں نے آخری منٹوں میں گول کرکے میچ 3-2 سے اپنے نام کرلیا، میچ پرتگالی کپتان اور سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کیلئے یاد گار رہا، انہوں نے پینلٹی کک پر گول اسکور کرکے ورلڈکپ کی تاریخ رقم کردی، وہ پانچ ورلڈکپ میں گول بنانے والے دنیا کے واحد فٹبالر بن گئے۔ جمعرات کو کھیل کے دوسرے ہاف خصوصاً آخری آدھے گھنٹے میں پرتگال کے کھلاڑیوں نے مہارت اور پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گھاناکے دفاع کو تباہ کرتے ہوئے تین مسلسل گول کرکے فیفا ورلڈ کپ میں تین دو کی کامیابی حاصل کرلی۔گھانا کےکھلاڑیوں نے بھی تجربہ کار ٹیم کو بھرپور جواب دیا اور دوسرے ہاف میں دو گول اسکور کئے۔ پہلے ہاف میں گھانا کے کھلاڑیوں نے عالمی شہرت یافتہ کرسٹیانو رونالڈو کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا اور پہلے ہاف کے برابری پر اختتام سے لگ رہا تھا کہ گھانا کی ٹیم میچ برابر کرنے میں کامیاب ہوجائے گی لیکن دوسرے ہاف میںڈی کے اندر رونالڈو کو روکنے پر پرتگال کو ملنے والی پینلٹی پر رونالڈونے گول کرکے ٹیم کا کھاتہ کھول کر مخالف ٹیم کو دبائو میں لیااور ان کی ٹیم نے تین گول اسکور کئے لیکن گھانا کے کھلاڑیوں نےبھی بھرپور جواب دیتے ہوئے دو گول داغ دیئے۔ اسٹیڈیم 974پر کھیلے جانے والے گروپ ایچ کے میچ میں کھیل کے آغازسےتگال کی ٹیم نے گھانا کے گول پرحملے کئے لیکن اس کے دفاعی کھلاڑیوں نے رونالڈو کو بلاک کرکے انہیں گول کرنے کا موقع نہیں دیا ۔ پہلے ہاف کے اختتام پر مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ دوسرے ہاف میں پرتگالی کھلاڑیوں نے گھانا کے گول پر حملے کئے اور 64ویں منٹ میں ڈی میں رونالڈو کو روکنے پر انہیں پینلٹی دی گئی جس پر رونالڈو نے گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلوا دی۔ 73ویں منٹ میں گھانا کے آندرے آئیو نے گول کرکے مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کردیا۔ 78ویں اور 80ویں منٹ میں پرتگالی کھلاڑیوں نے اپنی برتری 3-1 کردی۔ کھیل کے آخری لمحات میں گھانا کے عثمان بخاری نے شاندار گول کرکے اپنی ٹیم کا خسارہ 3-2کیا۔ کھیل کے دوران گھانا کے کھلاڑیوں نے 18 جبکہ پرتگال کے کھلاڑیوں نے 14فائول کئے۔ گھانا کے کھلاڑیوں کو چار جبکہ پرتگال کو دو یلو کارڈ دکھائے گئے۔ اس سے قبل بریل امبولو کے فیصلہ کن گول کی بدولت سوئٹزر لینڈ نے کیمرون کو ایک صفر کی شکست دیدی۔ میچ کا واحد گول میچ کے دوسرے ہاف میں ہوا، میچ کے دوران سوئٹزر لینڈ کے کھلاڑیوں کو دو جبکہ کیمرون کو ایک یلو کارڈ کا سامنا کرنا پڑا۔ سوئٹزر لینڈ کے کھلاڑیوں نے میچ کے دوران بارہ اور کیمرون نے دس فائول کئے۔ دوحا کے الجنوب اسٹیڈیم میں گروپ جی کے میچ کا آغاز سنسنی خیز تھا۔ میچ کے آغاز پر کیمرون کھلاڑیوں کا پلہ بھاری تھا، انہوں نے سوئس گول پر کئی حملے کئےاور کھیل پر حاوی رہے لیکن گول نہ کرسکے۔ دوسرے ہاف میں سوئٹزر لینڈ نے حکمت عملی بدلی مخالف ٹیم پر دبائو بڑھایا اور کھیل کے آغاز کے تیسرے ہی منٹ میں بریل ایمبولو نے خوبصورت گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلوا دی دو اختتام تک برقرار رہی۔ عالمی رینکنگ میں سوئٹزر لینڈ 15ویں جبکہ کیمرون کی عالمی رینکنگ 43 ہے۔ گروپ ایچ میں یوراگوئے اور سائوتھ کوریا کا میچ بغیر کسی گول کے برابر ی پر ختم ہوا۔ دو بار عالمی کپ جیتنے والی یوراگوئے کو جنوبی کورین کھلاڑیوں نے سخت مارکنگ کی اور گول کرنے کا موقع فراہم نہیں کیا۔ دونوں ٹیموں کے ایک ایک کھلاڑی کو فائول کرنے پر یلو کارڈ کا سامنا رہا۔ عالمی رینکنگ میں 14 ویں نمبرپر فائز یوراگوئے کی ٹیم کو چار کارنر ملے لیکن اس سے فائد ہ نہیں اٹھایا جاسکا۔

اسپورٹس سے مزید