سڈنی (جنگ نیوز) میلبرن رینی گیڈز کے پاکستانی اسٹار وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو بگ بیش لیگ کے میچ میں سڈنی تھنڈر کے خلاف بیٹنگ کے دوران کپتان نے سست بیٹنگ کی وجہ سے واپس بلالیا۔ وہ ریٹائرڈ آؤٹ ہونے والے پہلے پاکستانی بیٹر بن گئے۔ محمد رضوان 23 گیندوں پر 26 رنز بناکر وکٹ پر موجود تھے، جس میں دو چوکے اور ایک شاندار چھکا شامل تھا، مگر ان کا اسٹرائیک ریٹ 113.04 رہا جو مختصر فارمیٹ کے تقاضوں کے مطابق مؤثر ثابت نہ ہو سکا۔ اننگز ختم ہونے میں دو اوور باقی تھے، اس موقع پر میلبرن کے کپتان ول سدر لینڈ رضوان کو واپس بلاکر خود بیٹنگ کیلئے گئے لیکن صرف ایک رن بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ اس مقابلے میں سڈنی تھنڈر نے میلبرن رینی گیٹس کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔