کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ سری لنکا میں خراب موسم کی وجہ سے ورلڈ کپ کے لئے ہماری تیاری بہتر انداز میں نہیں ہوسکی۔ تیسرے ٹی 20 میچ کے بعد میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ تیسرے میچ میں بارش نے بیٹنگ اور بولرز کو ان کے درست انداز میں آزمانے کا موقع نہیں مل سکا، بہتر کھلاڑیوں کے ساتھ میگا ایونٹ میں جائیں گے۔ ادھر پاکستان کی جانب سے پہلا ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے خواجہ نافع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل اور بنگلہ دیش لیگ سے فائدہ اور پہچان ملی، رمضان کرکٹ میں اچھی کار کردگی پر ندیم عمر نے پی ایس ایل کیلئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل کیا، شاہین آفریدی اور حارث رؤف کے خلاف شان دار بیٹنگ نے زیادہ شہرت دی، کوچ لیاقت علی نے کھیل میں نکھار پیدا کیا، فیس بک ویڈیوز سے بنگلہ دیش لیگ کیلئے چٹوگرام چیلنجرز نے اپنی ٹیم میں لیا، میں نے سخت محنت اور ٹیم میں آنے کا عزم کیا ہوا تھا، میرا کام محنت کرنا اور کرکٹ کھیلنا تھا اور ہے۔