• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہنگری میں تعینات سفیر پاکستان کی صدر کاتالین نوواک سے ملاقات

ویانا (اکرم باجوہ) ہنگری میں تعینات سفیر پاکستان ایچ ای آصف حسین میمن نے دارالحکومت بوڈاپسٹ کے تاریخی سینڈور پیلس میں ایک تقریب میں ہنگری کی صدر کاتالین نوواک کو ہنگری میں تعیناتی کی اپنی اسناد پیش کیں۔ اس موقع پر صدر کاتالین نوواک نے سفیرپاکستان آصف حسین میمن سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیالات کیا۔گفتگوکے دوران سفیرِ پاکستان نے صدر مملکت کو ہنگری کی قیادت کے لیے پاکستان کی قیادت کی جانب سے مبارکباد اور نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا،انہوں نے دوطرفہ تعلقات کی کثیر جہتی نوعیت کو اجاگر کرتے ہوئے خوشگوار تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید وسعت دینے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔ہنگری کی صدر کاتالین نے اس امید کا اظہار کیا کہ ہنگری اور پاکستان کے درمیان تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوتے رہیں گے۔ انہوں نے پاکستان کی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ سفیرِ پاکستان آصف حسین میمن نے اسناد پیش کرنے کے بعد ہیروز اسکوائر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ہنگری کے ہیروز کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اورہنگری کے ہیروز کی بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔
یورپ سے سے مزید