اسلام آباد(نمائندہ جنگ)عدالت عظمیٰ میں سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف زیر التواء توہین عدالت کیس میں درخواست گزار، وفاقی وزارت داخلہ نے ایک نئی متفرق درخواست کے ذریعے اپنا جواب الجواب دا خل کرا دیا ہے جس میں عمران خان اور پی ٹی آئی کی جانب سے جان بوجھ کر عدالتی حکم کی خلاف ورزی اور اس حوالے سے عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش کی بناء پر توہین عدالت کی کارروائی کرنے کی استدعا کی گئی ہے، جواب کے ساتھ25 مئی کی پی ٹی آئی رہنمائوں کے ٹوئٹس.
ویڈیو پیغام اور کالوں کا ریکارڈ بھی جمع کرا دیا گیاہے جبکہ عدالتی حکم نامہ سے متعلق صحافیوں کی ٹوئٹس کا بھی حوالہ شامل ہے ،جواب میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان نے اپنے تحریری جواب میں غلط بیانی کی ہے.
سپریم کورٹ کے حکم نامہ سے متعلق پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کو بخوبی علم تھا ، پی ٹی آئی قیادت نے کارکنوں کو ڈی چوک پہنچنے کیلئے اکسایا تھا.
عمران خان اور پی ٹی آئی کا لانگ مارچ شروع کرنے سے پہلے ہی ڈی چوک جانے کا منصوبہ تھا،اس حوالے سے 24 مئی کو عمران خان نے قوم کے نام خصوصی پیغام جاری کیا تھا۔