• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینئر فوجی افسران کی میرٹ پر تقرری نیک فال ہے، سیاسی رہنما

کراچی،لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر، خبرایجنسیاں ) نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تعیناتی پر خواجہ سعد رفیق ، خورشید شاہ، احسن اقبال،اسد عمر،شبلی فراز،آفاق احمد،مصطفیٰ کمال، فاروق ستار سمیت سیاسی رہنما نے مبارکباددیتے ہوئے کہاکہ سینئر فوجی افسران کی میرٹ پر تقرری نیک فال ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سینئر فوجی افسران کی میرٹ پر تقرری نیک فال ہے

انہوں نے جنرل عاصم منیر کو نئے آرمی چیف اور جنرل ساحر شمشاد کوچیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹا ف کمیٹی مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کریم ان فیصلوں کو پاکستان ، آئین و افواج پاکستان کیلئے خیر و برکت کا ذریعہ بنائیں۔

پارلیمنٹ کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئےوفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ نے لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو چیف آف آرمی اسٹاف اور لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی تعینات ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے پیشہ ورانہ تجربے کی روشنی میں اپنی ذمہ داریوں کو با احسن انجام دیں گے۔

وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈولپمنٹ احسن اقبال نے کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی تمام جدوجہد کا مقصد آرمی چیف کی تقرری پر اثر انداز ہونا تھا لیکن وہ ناکام رہے ، عمران خان کا لانگ مارچ ناکام ہو گیا ہے پاکستان کےعوام بھی کسی بھی منفی سرگرمیوں میں دلچسپی نہیں رکھتے۔

سیکریٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف اسد عمر نے نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کو مبارکباد دی اورکہا کہ پاک آرمی میں نئی تعیناتیوں پر امید ہے کہ ان کے فیصلے قوم کی امنگوں کے مطابق ہوں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےپاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے میں پارٹی کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی، آرمی چیف کی تعیناتی کا عمل آئین اور قانون کے مطابق ہو گا اور اگر قانون کو مطلوب شخص کے ساتھ مشورہ ہوسکتا ہے تو صدر تو پھر پی ٹی آئی کے نامزد کردہ ہیں۔

مہاجر قومی موومنٹ کے چیئر مین آفاق احمد نے جنرل عاصم منیر کی بطور فوجی سربراہ تعیناتی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ فوج میں تعیناتیوں کو سیاست زدہ کرنا ملکی مفاد میں نہیں اس سے چند افراد نہیں ادارے کاسیاست زدہ ہونے کا خطر ہ ہوتا ہے، چند افراد کی غلطیوں اور کچھ غلط فہمیوں کی وجہ سے مہاجر وں کو بہت سخت اور تلخ ردِ عمل کا سامنا رہا ہے مجھے امید ہے جنرل عاصم منیر مہاجر وں کے زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے مہاجروں کے بارے میں جو رائے قائم کرلی گئی ہے،اس پر نظر ثانی کرینگے۔

پاک سر زمین پارٹی کے چیئر مین سید مصطفی کمال نےجنرل عاصم منیر کو پاکستان کے 17ویں آرمی چیف بننے پر مبارکباد پیش کی اورکہا کہ جنرل عاصم منیر حافظ قرآن بھی ہیں جو انکے دین سے لگاؤ کا ثبوت ہے اور پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے اسوقت ایک ایسے ہی انسان کی ضرورت ہے جو ایماندار اور اللہ سے ڈرنے والا ہو۔

 (ایم کیو ایم) پاکستان بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے جنرل عاصم منیر کو نئے آرمی چیف اور جنرل ساحر شمشاد کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مقرر ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ آرمی چیف کی تقرری کا فیصلہ آئین و قانون کے مطابق اور سینیارٹی کی بنیاد پر ہونا خوش آئند ہے۔

اہم خبریں سے مزید