• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، کے ایم یواور جنرل ہسپتال میں مفاہمت کی یادداشت پردستخط

پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاوراورپشاور جنرل ہسپتال (پی جی ایچ) نے طبی تعلیم اور تحقیق کے شعبوں میں باہمی تعاون اورمہارتوں و تکنیکوں کے تبادلے کو آگے بڑھانے کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کردیئے۔مفاہمت پر کے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر ضیاء الحق اور پی جی ایچ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پروفیسرڈاکٹر آصف ملک نے دستخط کئے۔ ایم او یو کے مطابق کے ایم یو اور پی جی ایچ مشترکہ طور پر مستقبل قریب میں کے پی سکول آف میڈیسن اور کے پی سکول آف ڈینٹسٹری قائم کریں گے،کے پی سکول آف میڈیسن اور سکول آف ڈینٹسٹری کا انتظامی کنٹرول بورڈ آف گورنرز (بی او جی)کے پاس ہوگاجس کے ممبران کا انتخاب دونوں ادارے برابر ی کی بنیاد پرکریں گے۔ کے ایم یوکے پی سکول آف میڈیسن اور کے پی سکول آف ڈینٹسٹری کے لئے ڈگری دینے والا ادارہ ہو گاجب کہ ڈین/پرنسپل کا تقرر بی او جی اتفاق رائے سے تین سال کے لئے باری باری دونوں اداروں سے کرے گا۔ ڈین،پرنسپل تعلیمی اور انتظامی دونوں امور کے لئے ذمہ دار ہوگا ا لبتہ ان کی معاونت کے لئے وائس پرنسپل (تعلیمی امور) اوروائس پرنسپل (انتظامی امور) کاتقرر کیاجائے گا۔ دونوںسکولوں کو ایک نصاب کمیٹی کے ذریعہ چلایا جائے گا جس کی سربراہی ڈین اور فیکلٹی کے اراکین، طلباء اور سول سوسائٹی مل کر کریں گے۔ ایم او یوکے مطابق دونوں پارٹیاں منافع میں مساوی حصہ کی حق دار ہوں گی۔ پاکستان میڈیکل کمیشن کے قوانین کے مطابق بیسک میڈیکل سائنسز فیکلٹی کے تحت ہونے والے اخراجات کے ایم یو جب کہ کلینکل فیکلٹی کے اخراجات پی جی ایچ برداشت کرے گا۔ سکولوں کو چلانے کے لئے ایڈمن اور معاون عملہ دونوں اداروں میں کام کرے گا البتہ ان کے اخراجات مذکورہ میڈیکل اور ڈینٹل کالجزسے ادا کئے جائیں گے۔ بنیادی طبی سائنس کے مضامین کی تعلیم اور تربیت کے لئے جگہ کے ایم یو فراہم کرے گی جبکہ پی جی ایس کا بنیادی ڈھانچہ طبی تربیت کی فراہمی کا ذمہ دار ہو گا، ایم او یو 10 سال تک موثر رہے گاالبتہ فریقین کے باہمی اتفاق رائے سے اس میں مزید توسیع کی جاسکے گی۔
پشاور سے مزید