• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی احتجاج، پولیس اور انتظامی دفاتر میں کنٹرول روم قائم

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) پی ٹی آئی کے 26نومبر کے احتجاجی پروگرام کیلئے راولپنڈی انتظامیہ نے اپنی حکمت عملی کو حتمی شکل دیدی ہے۔ کمشنر ثاقب منان نے بتایا کہ 6ہزار کے لگ بھگ نفری تعینات ہو گی۔ پولیس اور انتظامی دفاتر میں کنٹرول روم قائم کردیئے گئے ہیں۔کیمروں کی تنصیب بھی کر رہے ہیں۔ علامہ اقبال پارک کے سامنے سٹیج ہوگاجو بلٹ پروف ہو گا۔ احتجاج کے دوران عوام کی آمدرفت کیلئے سڑکوں کو کھلا رکھنے کی کوشش کرینگے لیکن اسلام آباد کی انتظامیہ نے فیض آباد،کورا ل چوک ایک سائیڈ، نائنتھ ایونیو چوک سمیت دیگر راستے سیل کرنے شروع کردیئے ہیں۔ انہیں راستے کھولنے کیلئے کہا گیا تھا لیکن انہوں نے ہماری بات نہیں مانی۔احتجاج اور کرکٹ کے حوالے سے سوال پر کمشنر  نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کو کہا ہے کہ27نومبر کو راولپنڈی خالی کردیں۔تاکہ28نومبر کو کرکٹ ٹیمیں پریکٹس میچ کھیل سکیں۔انہوں نے بتایا کہ یہ ہی پیغام پی سی بی کی طرف سے بھی گیا ہے۔جبکہ برطانوی ہائی کمشنر نے بھی چیئر مین پی ٹی آئی کے ساتھ ملاقات میں یہ ہی بات کی تھی ۔ادھر انتظامی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت اور لاہور سے آنے والے شرکاء کو براستہ ایکسپریس وے جبکہ پشاور کی طرف سے آنے والے جلوس کو سکستھ روڈ کی طرف سے مری روڈ علامہ اقبال پارک لایا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ جی ٹی روڈ ٹویوٹا موٹرز سے تھانہ روات تک اسلام آباد کی حدود ہے۔اس لئےاس پر راولپنڈی انتظامیہ کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔
اسلام آباد سے مزید