• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، غیر قانونی طور پر خوردنی تیل و گھی پیکنگ پر 3 یونٹس سربمہر

پشاور(این این آئی) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے مردان میں کاروائی کرتے ہوئے تین یونٹس کو غیر قانونی طور پر خوردنی تیل اور گھی کی پیکنگ کرنے پر سر بمہر کردیا ہے، دونوں یونٹس میں فوڈ سیفٹی ایس او پیز کی خلاف ورزی پائی گئی۔ کارروائی ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کی ہدایت پر کی گئی، جس کے دوران ایک یونٹ میں گھی اور خوردنی تیل کو بغیر فلٹریشن کے عمل سے گزارے پیک کیا جارہا تھا، جس پر یونٹ کو سیل کردیا گیا۔ اسی طرح مردان میں انسپکشن کیدوران ایک اور یونٹ کو لائسنس اور سرٹیفیکٹس اور لیب رپورٹس نہ ہونے پر سیل کردیا گیا۔ ایک یونٹ کو خوردنی تیل اور گھی کی فورٹیفیکیشن نہ کرنے پر سیل کیا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر مردان کامران خان کا کہنا تھا کہ مردان میں معیاری و محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے فیلڈ ٹیمز مسلسل متعلقہ کاروباروں کا معائنہ یقینی بنا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گھی اور خوردنی تیل ہماری روزہ مرہ خوراک کا ایک اہم جز ہے، جس کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ کامران خان کا کہنا تھا کہ فوڈ سیفٹی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے یونٹس کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائیگی۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق مردان میں دیگر خوراک سے وابستہ کاروباروں کی انسپکشن کا عمل بھی جاری رہا، اور مختلف بیکرہز و ریسٹورنٹس کے معائنے کئے گئے۔ کاروائی کے دوران ممنوع چائنہ سالٹ کے استعمال پر ایک ریسٹورنٹ پر جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر دو بیکری یونٹس کو سیل کیا گیا۔
پشاور سے مزید