انقرہ(اے پی پی، مانیٹر نگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترکیہ سے تجارتی حجم پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کا معاہدہ ہوگیا، سرمایہ کاروں کے تحفظات دور کرینگے بیجنگ کی طرح ترکیہ کمپنیوں کو بھی پاکستان میں کچھ مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انقرہ میں ترکیہ پاکستان بزنس کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں وزیراعظم شہبازشریف سے ای سی او ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ بینک کے صدر نے استنبول میں ملاقات کی ہے۔بینک کے صدر نے وزیراعظم کو بتایا کہ بینک پاکستان کا 150 ملین یورو کا قرض دیگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فنانشل پیکج سیلاب زدگان کی امداد اور تیل کی درآمد پر خرچ ہوگا۔ وزیراعظم نے ای سی او بینک کے کردار کو سراہا۔ ترکیہ پاکستان بزنس کونسل سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، امریکا، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت تمام ممالک کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہے، چین، ترکیہ، امریکا اور دیگر ممالک سے توانائی کے شعبے میں تعاون جاری ہے۔ انہوں ںے کہا کہ پاکستان میں گیس کی قلت، بجلی کے مسائل ہیں، پاکستان کی خواہش ہے توانائی، زراعت اور دیگر شعبوں میں ترکیہ سے مستفید ہو، طیب ایردوان کی قیادت میں ترکیہ میں ترقی ہوئی، ترقی کے لیے ایمان داری، محنت اور مستقل مزاجی سے کام کرنا ہوگا، محنت کامیابی کی کنجی ہے۔زیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کو ترقی کے لیے محنت کرنی ہوگی، ترکیہ اور پاکستان کے عوام میں بہترین پوٹینشل موجود ہے، پاکستان اور ترکیہ کے درمیا ن تجارت، کاروبار اور دیگر شعبوں میں موثر تعاون ہوگا۔