• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہرت ایک خطرناک چیز کا نام ہے، اگر کسی انسان کے سَر پر شہرت کا بُھوت سوار ہو جائے۔ تو اُسے پاگل پن کے دورے بھی پڑ سکتے ہیں۔ شہرت کو ہضم کرنے کے لیے صبروتحمل سے کام لینا پڑتا ہے۔ کرکٹر اور فن کار کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔ دونوں شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہرت اور دولت سے مالا مال ہوتے ہیں۔ اگر یہ کہا جائے کہ کرکٹر اور فن کاروں کا آپس میں چولی دامن کا ساتھ ہے، تو غلط نہیں ہوگا۔ 

فن کار، کرکٹرز کو اس قدر پسند کرتے ہیں کہ اسے اپنا دِل دے بیٹھتے ہیں، یہاں تک کہ اپنا جیون ساتھی بھی بنا لیتے ہیں۔ اور یہ بھی دیکھا گیا کہ کئی کرکٹر ایسے ہیں، جنہوں نے فلموں کی ہیروئنوں سے شادی کی۔ کرکٹر اور فن کاروں کی شادیوں اور طلاقوں کے چرچے دُنیا بھر میں ہوتے رہے ہیں، ان کی شادیوں کی میڈیا نے ہمیشہ غیر معمولی کوریج کی اور ان کے مابین طلاقوں کی اطلاعات کو بھی مرکزی حیثیت دی گئی۔ ماضی میں بھی عالمی شہرت یافتہ کرکٹرز کو شوبزنس کی حسیناؤں نے اپنا جیون ساتھی بنایا اورآج بھی یہ سلسلہ جاری و ساری ہے۔ 

کرکٹرز اور فن کاروں کی شادیوں کی ٹرین کبھی کھبی پٹریوں سے اُتر جاتی ہیں۔ پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ کرکٹر محسن حسن خان کو بالی وڈ کی خُوب صورت حسینہ رینارائے دل بیٹھی تھیں اور محبت اورچاہت کا سفر شادی پر اختتام پذیر ہوا۔ دونوں کی ایک بیٹی بھی ہے، یہ شادی زیادہ عرصہ نہیں چلی اور بات طلاق پر ختم ہوئی۔ محسن حسن خان آج بھی رینارائے کو دل و جان سے یاد کرتے ہیں۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز نواز خان نے پاکستانی فلموں کی خُوب صورت اداکارہ رانی سے شادی کی۔ ان دونوں نے جیون بھر ساتھ نبھانے کی قسم کھائی، لیکن جلد ہی دونوں کے درمیان اختلافات پیدا ہوئے اور دونوں نے اپنے راستے الگ کیے اور بات طلاق پر ختم ہوئی ، بعد ازاں قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک ، بھارت کی مقبول ٹینس اسٹار اور ماڈل ثانیہ مرزا کو دِل دے بیٹھے اور دونوں کی دُھوم دَھام سے شادی ہوئی اور اب ان کے درمیان شدید اختلافات اور علیحدگی کی خبریں میڈیا کی زینت بن رہی ہیں۔ 

بھارت کی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے بالی وڈ کی سپراسٹار انوشکا شرما کو جیون ساتھی بنانے کا فیصلہ کیا اور پھر دوچار برس کے رومانس کے بعد دونوں جیون ساتھی بن گئے۔ تاحال دونوں خوش گوار زندگی بسر کررہے ہیں۔ ماضی میں بھارتی کرکٹر اظہرالدین نے بالی وڈ کی ماڈل اور فلم اسٹار سنگیتا بجلانی سے شادی رچائی۔ یہ شادی بھی کام یاب نہ ہو سکی اورآخرکار طلاق ہوگئی۔ رنز کی مشین کا خطاب پانے والے ظہیر عباس نے بھی بھارتی لڑکی سے شادی رچائی تھی، جوکام یاب ثابت ہوئی ہے۔ دونوں ان دنوں لندن میں مقیم ہیں۔

کرکٹرز کا شوبزنس کی دُنیا سے مضبوط تعلق اس لیے بھی بنتا ہے کہ کئی کھلاڑی ایسے ہیں، جنہوں نے فیشن انڈسٹری، ٹیلی ویژن کمرشل اور فلموں میں اداکاری کا مظاہرہ کیا۔ ہم آئے دن کرکٹرز کو فیشن شوز میں ماڈلنگ کرتے دیکھتے ہیں۔ عالمی شہرت یافتہ کرکٹرز وسیم اکرم، شعیب ملک اور دیگر نے کئی فیشن شوز میں ریمپ پر ماڈلنگ کی، جسے حاضرین نے بہت پسند کیا۔ سابق کپتان محسن حسن خان نے نہ صرف بھارتی فلموں میں کام کیا، بلکہ وہ کئی پاکستانی فلموں میں بھی بہ طور ہیرو سلور سکرین پر جلوہ گر ہوئے۔

محسن حسن خان اور وسیم اکرم فلموں میں جلوہ گر!!

14؍جولائی 1998ء میں محسن حسن خان کی پہلی فلم ’’بٹوارہ‘‘ ریلیز ہوئی۔ یہ میگا اسٹار فلم تھی۔ ’’بٹوارہ‘‘ کی کاسٹ میں ونود کھنہ، دھرمندر، امریش پوری، شمی کپور، ڈمپل کپاڈیہ، امرتاسنگھ، پونم ڈھلون اور دوسرے فن کار شامل تھے۔ محسن حسن خان نے اس فلم میں ٹھاکر راجندرسنگھ کا کردار شان دار انداز میں پرفارم کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے مہیش بھٹ کی فلم ’’ساتھی‘‘ میں ادتیہ بنچولی کے ساتھ جاندار پرفارمینس کا مظاہرہ کیا۔ اس فلم کے گانے بھی بہت مقبول ہوئے۔ 

علاوہ ازیں محسن حسن خان نے بھارتی فلم پرتی کار، فتح اور ’’لاٹ صاحب‘‘ میں عمدہ کام کیا۔ انہوں نے سلور اسکرین پر بالی وڈ کے صفِ اوّل کا فن کاروں، جن میں مادھوری ڈکشٹ، انیل کپور، ریکھا اور شبانہ اعظمی شامل ہیں، کے ساتھ جم کر اداکاری کی۔ بالی وڈ کے ساتھ انہوں نے چند پاکستانی فلموں میں بھی کام کیا۔ ان میں کچھ کام یاب ثابت ہوئیں اور کچھ نے باکس آفس پرکوئی خاص بزنس نہیں کیا۔ انہیں لالی وڈ فلم’’بیٹا‘‘ ’’ہاتھی میرے ساتھی‘‘ اور’’گھونگھٹ‘‘ میں بے حد پسند کیا گیا۔ درجنوں فلموں میں کام کرنے کے باوجود بھی محسن حسن خان کی پہچان آج بھی ایک کام یاب کرکٹر کی حیثیت سے زیادہ ہے۔ 

اب ہم بات کرتے ہیں کرکٹ کی دُنیا کے سپراسٹار سوئنگ کے سلطان، وسیم اکرم کی، ان کے مداح کو خوش خبری سُنادیں کہ وسیم اکرم اپنی شریک حیات کے ساتھ فیصل قریشی کی فلم ’’منی بیک گارنٹی‘‘ میں سلور اسکرین پر جلوہ گر ہوں گے۔ ’’منی بیک گارنٹی‘‘آئندہ برس ریلیز ہوگی۔ اُمید کی جا رہی ہے کہ وہ کرکٹ کے میدان کی طرح فلموں میں دُھوم مچا دیں گے۔

وسیم اکرم کو ساتھ ملا ہے، مولا جٹ کے ہیرو فواد خان کا، اِن دِنوں فواد خان کی مولا جٹ دنیا بھر میں کھڑکی توڑ بزنس کر رہی ہے۔ اس کا فائدہ وسیم اکرم کی ڈیبیو فلم ’’منی بیک گارنٹی‘‘ کو بھی ہوگا۔ انہیں چھوٹی اسکرین پرکام کرنے کا تجربہ بھی حاصل ہے۔ البتہ اب وہ سلور اسکرین پر جلو ے بکھیرنے آرہے ہیں۔ یاد رہے کہ وسیم اکرم اور شعیب اختر جیو کے گیم شو کی میزبانی بھی کر چکے ہیں۔

کرکٹ کے موضوع پر بنائی جانے والی فلمیں!!

2013ء میں ہمایوں سعید نے کرکٹ کے موضوع پر فلم ’’میں ہوں شاہد آفریدی‘‘ بنائی، جو بے حد کام یاب ثابت ہوئی۔ یہ فلم ایسے نوجوان کی کہانی تھی، جو کرکٹ کی دُنیا میں نیا شاہد آفریدی بننے کا خواہش مند ہوتا ہے۔ معروف اداکار نعمان حبیب نے اس نوجوان کا کردارخُوب صورتی سے ادا کیا۔ فلم میں ہمایوں سعید، ندیم بیگ، ماہ نور بلوچ، جاوید شیخ، شہزاد شیخ اور حمزہ علی عباسی نے اپنے اپنے کرداروں میں حقیقت کے رنگ بھرے۔ اس فلم میں پہلے شاہد آفریدی کوجلوہ گر ہونا تھا، تاہم بعد میں انہوں نے پردئہ اسکرین پر آنے سے انکار کردیا تھا۔ 

اس فلم میں ماہ نور بلوچ کا آئٹم سونگ بہت مقبول ہوا تھا۔ بالی وڈ میں بھی کرکٹ کے موضوع پر کئی فلمیں بنائی گئیں، ان فلموں میں ’’وِکٹری‘‘بھی شامل تھی، جس میں شعیب ملک، وقار یونس، سہیل تنویر نے مختصرکردار ادا کیے تھے۔ دیگر فلموں میں عمران ہاشمی کی ’’اظہر‘‘ شرمن جوشی کی فراری کی سواری، جاوید شیخ اور عمران ہاشمی کی ’’جنت‘‘، رانی مکھرجی کی ’’دل بولے ہڑپا‘‘ انوشکاشرما اور اکشے کمار کی ’’پٹیالہ ہائوس‘‘ راج کمار رائو کی فلم ’’کائے پوچے‘‘ اور عامر خان کی سپرہٹ فلم ’’لگان‘‘ شامل ہیں۔’’لگان‘‘کو کرکٹ کے حوالے سے سب سے بڑی فلم قرار دیا جاتا ہے۔ 

نامور کرکٹر رمیز راجا نے بھی ایک فلم بنانے کا اعلان کر رکھا ہے، جو جلد شروع کردی جائے گی۔ کرکٹرز اور فن کاروں کو کسی صورت الگ الگ نہیں رکھ سکتے۔ بھارت کو پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں کام یابی دلوانے والے فاسٹ بولر کپیل دیو نے بھی فلموں میں کام کیا۔ ان کی فلموں میں ’’مجھ سے شادی کروگی‘‘ اقبال اور اسٹمیڈ شامل ہیں۔ نامور کرکٹر سنیل گواسکر نے فلم ’’ملیالم‘‘ اور ’’مالا مال‘‘ میں نصیرالدین شاہ کے ساتھ کام کیا، اسی طرح سچن ٹنڈولکر، یوراج سنگھ اور اجے جدیجا نے بھی فلموں میں مختصر کردار ادا کیے۔

کرکٹ پرگلوکاروں کے بنائے گئے سپرہٹ گیت!!

قومی کرکٹ ٹی کی کام یابی اور حوصلے بلند کرنے کے لیے نامور گلوکاروں نے پُرجوش نغمے تیار کیے۔ ایک زمانے میں جب جاوید میاں داد نے بھارت کے خلاف آخری گیند پر چھکا مارا تھا، تو اس کی دُھوم پُوری دُنیا میں مچ گئی تھی۔ جُگنی فیم گلوکار سلیم جاوید نے ایک گیت ’’کرکٹ کی دنیا میں سب سے آگے ہے وہ کون، جاوید میاں داد‘‘، نے غیر معمولی مقبولیت حاصل کی تھی۔

اس کے بعد تو کئی سنگرز نے کرکٹرز کے لیے نت نئے انداز میں نغمے گائے، جنید جمشید کی آواز ’’دِل دِل پاکستان‘‘ بے حد مقبول ہوا ’’ہم ہیں پاکستانی ہم تو جیتیں گے‘‘،’’آگیا ہے کرکٹ ورلڈ کپ جوش لگادے ساری دُنیا کو دکھا دے‘‘ جیو تو ایسے اور دیگر بہت مقبول ہوئے۔ پھر PSLکا زمانہ آگیا، اس کے لیے بڑے پیمانے پرخصوصی کرکٹ سونگ بنائے گئے۔ علی ظفر، استاد راحت فتح علی خان، عاطف اسلم، نصیبوں لعل اور عاصم اظہر کے گیتوں کو نئی نسل نے بہت سراہا۔ سوشل میڈیا پر PSLکے کرکٹ سونگز کو لاکھوں ویورز نے پسند کیا۔ ان گیتوں کی وڈیوز بھی عالمی معیار کی تیارکی جاتی ہیں۔

فن کاروں نے بنائی اپنی کرکٹ ٹیم!!

بھارتی فن کاروں اور پاکستانی فن کاروں پر مشتمل کرکٹ ٹیمیں بنائی گئی ہیں۔ بالی وڈ سپراسٹار سلمان خان کی قیادت میں بننے والی کرکٹ ٹیم نے پاکستانی فن کاروں پر مشتمل کرکٹ ٹیم کے ساتھ ایک میچ دبئی میں کھیلا،جس میں ہمایوں سعید، جاوید شیخ، عدنان صدیقی، مسعود، معمر رانا نے حصہ لیا تھا۔ 

پاکستانی فن کاروں پر مشتمل دو تین ٹیمیں اور بھی ہیں، جو اکثر گرائونڈ میں کرکٹ مقابلہ کرتی نظرآتی ہیں۔ ماضی میں سیلاب زدگان کی مدد کے لیے ماضی کے نامور اداکار محمد علی، ندیم، غلام محی الدین و دیگر فن کاروں نے کرکٹ ٹیم بنائی اور میچ بھی کھیلے، اس سے حاصل ہونے والی آمدنی سیلاب زدگان کو دی گئی۔

کرکٹرز اورفن کاروں کے اسکینڈلز!

کرکٹرز اورفن کاروں کے اسکینڈلز بننا کوئی نئی بات نہیں ہے۔ ماضی میں بھی کرکٹرز اور فلمی ہیروئنوں کے معاشقے سامنے آتے رہے ہیں۔ ایک زمانے میں عمران خان اور ریکھا کا اسکینڈل بھی سامنے آیا تھا۔ ریکھا تو عمران خان کے فنڈ ریزنگ شو میں شرکت کے لیے خصوصی طور پر پاکستان بھی آئی تھیں۔ پاکستانی فلموں کی ہیروئن وینا ملک اور محمد آصف کا اسکینڈل بھی سامنے آیا تھا۔ دونوں نے ایک دوسرے پر سنگین الزامات بھی لگائے تھے۔ 

فلموں کی معروف اداکارہ عائشہ عمر کا اسکینڈل شعیب ملک اور وسیم اکرم کے ساتھ میڈیا کی زینت بنا، فن کاروں کی بہت بڑی تعداد کرکٹرز میں دل چسپی رکھتی ہیں۔ جب بھی کرکٹ کا سیزن آتا ہے، یہ فن کار اپنے پسندیدہ کرکٹرز کی حمایت میں بیانات دیتے ہیں اور سوشل میڈیا پر فعال نظرآتے ہیں۔

فن و فنکار سے مزید
انٹرٹینمنٹ سے مزید