کوئٹہ(خ ن)صحت بخش خوراک کی فراہمی کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن جاری ہے۔اس ضمن میں بی ایف اے کی موبائل لیبارٹری ٹیموں سمیت مختلف فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مراکز کے معائنے کے دوران 20 مراکز پر جرمانے عائد کردئیے ۔دودھ اور مختلف ڈیری پراڈکٹس کے معیار کی جانچ و ملاوٹی دودھ کی فروخت کے تدارک کیلئے بی ایف اے حکام نےمشن روڈ اور طوغی روڈ میں ملک شاپس کا معائنہ کیا، جہاں دودھ میں ملاوٹ پر 2 دکانوں پر جرمانے عائد کئے گئے۔اسی طرح زائد المیعادو پابندی عائد مضر صحت کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے پر سبزل روڈ میں 3 جنرل اسٹورز اور ایک بیکری سمیت 5 مراکز کے خلاف کارروائی کی گئی ۔ نان شاپ کے خلاف صفائی و نکاسی آب کے ناقص انتظامات اور کم وزن پیڑے سے تیار کردہ نان کی فروخت پر ایکشن لیا گیا۔ دوران معائنہ جنرل اسٹورز و بیکری سے برآمد شدہ ایکسپائرڈ مصالحے، ڈبل روٹی ، ممنوعہ چائنیز نمک اور نان فوڈ گریڈ کلرز ضبط کر لئے گئے ۔علاوہ ازیں غیر معیاری خوراک کی فراہمی اور قوانین کی خلاف ورزی پر مری آباد اور طوغی روڈ میں 7 مراکز کو جرمانہ کیاگیا ،2 جنرل اسٹورز اور ایک پیزا کارنر کے خلاف فوڈ بزنس لائسنس کی عدم دستیابی پر کارروائی کی گئی ۔فاطمہ جناح روڈ اور شیر محمد روڈ میں 6 مختلف کھانے پینے کے مراکز پر جرمانے کئے گئے ،معائنہ ٹیم کے مطابق جرمانہ کئے گئے تمام مراکز کے فوڈ بزنس لائسنس نہیں تھے جبکہ 4 جنرل اسٹورز سے زائد المیعادخوردنی مصنوعات ، ممنوعہ چائنیز نمک و گٹکاپان پراگ اور نان فوڈ گریڈ کلرز برآمد ہوئے جبکہ ہوٹل میں اصلاحی نوٹس کے باوجود صفائی و اشیاء اسٹوریج کے انتظامات حسب سابق حفظان صحت کے اصولوں کے برخلاف پائے گئے۔