• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران نیازی کا سیاسی زوال شروع ہوگیا، صابر شاہ

پشاور(نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سینئر نائب صدر و سابق وزیراعلیٰ سینیٹر پیر سید صابر شاہ نے کہا ہے کہ لانگ مارچ اور راولپنڈی میں ہونے والے جلسہ کی بری طرح ناکامی سے عمران نیازی کے خلاف الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے اور سیاسی زوال بھی شروع ہو گیا ہے اور بہت جلد پی ٹی آئی کا شیرازہ بکھر جائے گا۔ پی ٹی آئی کے کئی رہنما اور ارکان اسمبلی بھی فسادی سیاست سے اختلاف کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے کئی ارکان اسمبلی کی طرف سے صوبائی اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے فیصلے سے اختلاف کیا جارہا ہے ۔ پیر سید صابر شاہ نے ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ اور راولپنڈی جلسہ کی ناکامی سے عمران نیازی کو مایوس ہو کر خالی ہاتھ واپس لوٹنا پڑا۔ عمران نیازی نہ تو وزیراعظم سے استعفیٰ لے سکے نہ ہی فوری الیکشن کی تاریخ لے سکے نہ ہی چیف الیکشن کمشنر سے استعفیٰ حاصل کر سکے نہ ہی اپنی مرضی کا آرمی چیف تعینات کروا سکے۔ عمران نیازی تمام کارڈز کھیل چکے ہیں لیکن انہیں ہر بار ناکامی اور مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ بار بار ناکامی سے عمران کے حامی بھی بددل اور مایوس ہوچکے ہیں۔ عمران نیازی کی طرف سے بھڑک ماری گئی کہ لانگ مارچ میں تیس لاکھ سے زیادہ لوگ شریک ہوں گے پورا ملک جام ہو جائے گا جبکہ لانگ مارچ اسلام آباد پہنچنے پر اسلام آباد میں لوگوں کا سمندر آمڈ آئے گا وزرا گھروں سے بھی نہیں نکل سکیں گے اور وہ اسلام آباد سے خالی ہاتھ واپس نہیں لوٹیں گے بلک وزیراعظم کا استعفیٰ اور فوری انتخابات کی تاریخ لیکر ہی اسلام آباد سے واپس آئیں گے۔ صوبائی اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا اعلان عمران نیازی کا آخری کارڈ ہے لیکن اس میں بھی عمران کو مایوسی کے سوا کچھ بھی نہیں ملے گا ۔
پشاور سے مزید