کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے استعفوں کے اعلان کو ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لکھ کر رکھ لیں پی ٹی آئی والے پنجاب اورخیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل نہیں کریں گے‘ صرف شوشہ چھوڑا گیا ہے‘یہ ابھی تک قومی اسمبلی سے بھی تنخواہیں لے رہے ہیں‘ اگر استعفیٰ دینا چاہتے ہو تو دیدو ، دیر کیسی؟ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ‘ پیپلز پارٹی سلیکٹڈ ڈرامہ باز سے کسی بھی طرح خوفزدہ نہیں ہے ‘آجکل لوگ انگلی کٹوا کر شہادت کی منزل حاصل کرنا چاہتے ہیں‘نیازی کو ہٹانے کا سہرا وائٹ ہاؤس نہیں جیالوں کو جاتا ہے‘لانگ مارچ ناکام ہوچکا ہے‘ ایک شخص جس طرح عدم اعتماد کے وقت بھاگا تھا اسی طرح اس دفعہ بھی پنڈی سے بھاگ نکلا‘اداروں کی جانب سے سیاست میں عدم مداخلت کے بیان نے سلیکٹڈ سیاستدانوں کو پریشان کردیا ہے‘ جب یہ فیض یاب تھے تو لیاری کا مینڈیٹ چوری کیاگیا ‘اب گھڑی کی چوری ،گوگی صاحبہ اور علیمہ باجی کو بچانے کے لئے انتشار پھیلایاجارہاہے ‘ پیپلز پارٹی نے ہر طبقے کو معاشی انصاف دلایا‘کراچی میں پیدا ہوا ایک جیالاانشاءاللہ شہر کا میئر منتخب ہوگا‘عوام کے مسائل حل کرانا ہمارا فرض ہے‘پیپلز پارٹی ملک اور قوم کو متحد کرنے کی سیاست کرتی ہے، انتشار کی سیاست کرتے تو مشرف کا سر مانگتے‘بینظیر کی حکومتیں سازش کے تحت گرائی گئیں پھر بھی نفرت کی سیاست نہیں کی ۔ بدھ کو نشتر پارک میں پیپلز پارٹی کے 55ویں یوم تاسیس کے موقع پرجلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہناتھاکہ یہ جو دھمکیاں دے رہا ہے کہ میں استعفے دوں گا، پہلے تو آپ ہمارے استعفے لینے آئے تھے اور خود اپنے استعفے دینے شروع کردیے ، مگر یہ بھی جھوٹ اور دھوکا ہے۔ہم نے جئے بھٹو کا نعرہ لگاکر تین جرنیلوں کو بھگایا ہے ۔پیپلز پارٹی جمہوریت اور جمہوری اداروں کو طاقتور بنانا چاہتی ہے ‘ ہماری کوشش ہے کہ خارجہ پالیسی کے ذریعے ملک کو کھویا ہوا مقام واپس دلایا جائے۔ہم اپنی ذات نہیں عوام ملک کی سیاست کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بم دھماکے کے بعد بینظیر بھٹو بھی گھر سے ویڈیو پر خطاب کر سکتی تھیں مگر شہید بینظیر پھر عوام میں نکلیں راولپنڈی پہنچیں۔ہم نے روٹی کپڑا مکان کا وعدہ پورا کرتے ہوئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام دیا،پاک چین اقتصادی راہداری کی بنیاد رکھی ۔ انہوں نے کہا کہ ایک زرداری سب پہ بھاری کا نعرہ لگانے سے صدر زرداری روکتے ہیں بلکہ ان کا ہمیشہ یہ کہنا ہوتا ہے کہ ایک زرداری سب سے یاری کانعرہ لگاؤ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر اور گلگت کے جیالوں نے نیازی کی حالت غیر کردی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ سیاست کی نئی کہانی ابھی شروع ہورہی ہے۔آج ادارے اپنی ساری غلطیاں مان چکے ہیں ادارے مان چکے کہ آج کے بعد مداخلت نہیں کرینگے۔ ہم نے ماضی میں عوام دشمن سیاست کو ناکام بنایا ،آج بھی کٹھ پتلی کو ناکام کرینگے۔