• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دودھ میں پانی کی ملاوٹ، شیر فروش گرفتار

پشاور(وقائع نگار)صوبائی دارلحکومت پشاورمیں ضلعی انتظامیہ نے کاروائی کر تے ہوئے ملاوٹ شدہ دودھ فروخت کرنے پر مختلف علاقوں سے 18 شیر فروشوں کو گرفتارکرتے ہوئے280 لیٹر سے زائد ملاوٹ شدہ دودھ کو تلف کر دیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاورشفیع اللہ خان کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرانیس الرحمان نے حیات آباد کی مارکیٹوں میں شیرفروشوں کی دکانوں میں دودھ کا معائنہ کیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرتحریم شاہ نے پھندو اور دیگر علاقوں میں شیرفروشوں کی دکانوں میں دودھ کا معائنہ کیا۔ کارروائیوں کے دوران محکمہ لائیو سٹاک کے ویٹرینری ڈاکٹر جمال اور سپر وائزہ نعیم الحسن بھی ہمراہ تھے اور دودھ کا لائیو سٹاک کی جدیدموبائل لیبارٹری کے زریعے تجزیہ کیاگیا۔لیبارٹری رپورٹ میں دودھ میں پانی کی وافر مقدارکی ملاوٹ ثابت ہونے پرمجموعی طور پر18 شیرفروشوں کو گرفتار کرکے280لیٹر سے زائد ملاوٹ شدہ دودھ کو تلف کر دیا۔ڈپٹی کمشنر پشاورنے انتظامی افسران کو پشاور بھر میں شیرفروشوں کی دکانوں میں دودھ کا معائنہ کر نے کا حکم دیا ہے اور ملاوٹ ثابت ہونے پر سخت قانونی کاروائی کی ہدایت کی ہے۔جبکہ ان گرفتار افراد کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پشاور سے مزید