• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہنر وہ جو گھر بیٹھے روزگار کا ذریعہ بنے

نبیلہ شہزاد

چند سال پہلے تک صورتحال یہ تھی کہ جب گھر بیٹھے روزگار کی بات ہوتی تو ذہن میں فوراً گھریلو دستکاریوں کے بارے میں خیال آتا۔ گھریلو انڈسٹریز میں خواتین تو کیا مرد حضرات کے لیے بھی کافی اقسام موجود تھیں اور یہ گھریلو صعنتیں آج بھی پاکستان کے اکثریتی علاقوں میں موجود ہیں لیکن بدلتے زمانہ، علم اور ٹیکنالوجی کی ترقی نے آج کے نوجوان کا ذہن بھی بدل دیا ہے۔ 

نوجوان چاہتے ہیں کہ ہم کوئی ایسا کام کریں جس میں وقت کم خرچ ہو اور پیسہ زیادہ ملے ،جبکہ روایتی گھریلو انڈسٹریز میں محنت زیادہ اور پیسہ کم ہے، اس لیے انہی چیزوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید دور میں لوگ انٹرنیٹ کی طرف زیادہ متوجہ ہو رہے ہیں کیونکہ یہ دور انٹرنیٹ کا ہے، لہذا وقت کی ضرورت ہے کہ انٹرنیٹ سے متعلق ہنر سیکھ کر گھر بیٹھے اپنے لیے روزگار کے مواقع پیدا کریں لیکن یاد رکھیں کہ،آن لائن پیسے کمانابھی آسان نہیں۔

یہ وقت، محنت، صبر اور ایمانداری مانگتا ہے۔ کسی بھی کام میں ہنر سیکھے بغیر کامیاب نہیں ہو سکتے، اس لئے پہلے کام سے متعلق سیکھنا پڑے گا۔ اب آتے ہیں ان چند طریقوں کی طرف جن کے ذریعے ہم گھر بیٹھے اپنا روزگار پیدا کر سکتے ہیں۔

فری لانسنگ

فری لانسنگ آن لائن کمائی کا اچھا ذریعہ ہے اگر آپ اچھا لکھنے، گرافک ڈیزائننگ، ویب ڈویلپمنٹ، سوشل میڈیا مارکیٹنگ، ویڈیو یا آڈیو ایڈیٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں تو فری لائنسنگ آپ کے لئے بہترین کیریئر ثابت ہو سکتا ہے۔آغاز میں آپ مختلف فری لانسنگ ویب سائٹس جیسے فری لانسر، پی پی ایچ، فائیور وغیرہ پر اپنا اکاؤنٹ بنائیں۔ 

 اپنے کام سے متعلق علم، سیلز اور مارکیٹنگ صلاحیتوں میں اضافہ کریں کیونکہ آجکل ان ویب سائٹس پر مقابلہ بہت سخت ہے اس لیے بہترین کام کرکے اپنے آپ کو ایک بہترین امیدوار بنا کر کام کروانے والے کے سامنے پیش کریں کیونکہ یہاں بہترین شخص کو ہی کام ملتا ہے۔ ایک دفعہ جب آپ کے کام کو منظور کرلیا جائے گا تو فری لانسنگ ویب سائٹ اپنا کمیشن کاٹ کر باقی پیسے آپ کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دے گی۔

کوکنگ اور بیکنگ

اگر آپ کھانا پکانے میں ماہر ہیں یا بیکنگ کا شوق ہے تو یہ ہنر گھر بیٹھے آپ کی کمائی کا ذریعہ بن سکتا ہے جس کی تشہیر آپ سوشل میڈیا پر باآسانی کر سکتے ہیں۔ جو پکانا ہے اس کا مینیو اور ریٹ لسٹ سوشل میڈیا پر دے دیں۔ آرڈرز ملنے پر خود بھی فوڈ ڈلیور کر سکتے ہیں یا پھر ڈلیوری کے لیے مختلف فوڈ ڈلیورز سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔ 

جب آپ کے بنائے گئے کھانے کا ذائقہ اور کوالٹی اچھی ہوگی تو لوگوں کو آپ کے کھانے کی عادت ہو جائے گی اور آپ کا کام دن بہ دن ترقی کرے گا۔ فروزن آئٹمز ، مربہ جات، اچار، چٹنیاں، دیسی پنجیریاں، جیم، شربت تیار کرکے آپ اپنا برانڈ بھی بنا سکتے ہیں۔ اس کام میں نہ تو زیادہ سرمائے کی ضرورت ہوگی اور نہ دکان و جگہ کا مسئلہ۔

دستکاری اور مختلف فنون

جو لوگ کڑھائی، سلائی یا دستکاری کے دوسرے علوم سے واقفیت رکھتے ہیں وہ اپنی مہارت اور ہنر کا استعمال کرتے ہوئے گھر بیٹھے اس سے اپنی آمدن پیدا کر سکتے ہیں۔ وہ آن لائن آرڈر وصول کر سکتے ہیں اور پھر اپنی تیار کردہ مصنوعات آن لائن بھیج بھی سکتے ہیں۔ پینٹنگ، ڈیکوریشن پیس، کپڑے کے پھول، ان سب چیزوں کی مارکیٹ میں خوب ڈیمانڈ ہے اور کام بھی منافع بخش ہے ۔

پروڈکٹس سیلر

مختلف کمپنیاں اپنی پروڈکٹس بیچنے کے لیے لوگوں کو کمیشن آفر کرتیں ہیں پھر وہ لوگ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ان پروڈکٹس کی تشہیر کرتے ہیں۔ ان کے ذریعے جو آرڈرز ملتے ہیں کمپنی خریدار کو آرڈر روانہ کر کے سیلر کے حصے کا کمیشن اس کے اکاؤنٹ میں بھیج دیتی ہے۔ 

ان مصنوعات میں ریڈی میڈ کپڑے، فیبرکس کی دوسری چیزیں، دی جیولری، کاسمیٹکس سرفہرست ہیں۔ یعنی اس میں تو ایک روپیہ بھی خرچ کرنے کی ضرورت نہیں صرف تشہیر کی ضرورت ہے۔

گھر میں یا آن لائن ٹیچنگ

اس وقت پاکستان میں شعبہ تعلیم سب سے بڑا بزنس اختیار کر چکا ہے یعنی اس فیلڈ میں خوب پیسہ کمایا جارہا ہے۔ یہ بات خوش آئیند تو نہیں لیکن اگر مناسب فیس رکھ کر اپنے گھر میں ہی یا آن لائن بچوں کو ٹیوشن کی سہولت دے دیں تو اس میں کوئی حرج بھی نہیں۔ نہ صرف تعلیم بلکہ آپ کے پاس کوئی ہنر بھی ہے تو آپ اس کی بھی آن لائن تعلیم دے سکتے ہیں۔ آپ مختلف اسکلز سکھا سکتے ہیں۔

یوٹیوب

آجکل یوٹیوب بھی لوگوں کی کمائی کا ایک ذریعہ بنا ہوا ہے، جس میں اپنے چینل پر ویڈیوز بنا کر اپ لوڈ کی جاتی ہیں۔ چینل کے ایک ہزار سبسکرائبرز ہونے کے بعد لائیکس اور ویوز کے حساب سے یو ٹیوب کی طرف سے پیسے ملنا شروع ہو جاتے ہیں۔ اس وقت گوگل کے بعد یوٹیوب سب سے زیادہ وزٹ کی جانے والی ویب سائٹ ہے۔

اس سائٹ پر بنے بےشمار چینل معیاری مواد بنا کر اچھی کمائی کر رہے ہیں بلکہ آپ اپنے یوٹیوب چینل کو چلانے کے لیے یوٹیوب سے ہی بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ ہر ہنر یہاں سکھایا جا رہا ہے۔ بس کام میں منفیت سے دور رہ کر صرف مثبیت کو اپنائے رکھیں اور ایسی ویڈیو بنائیں جس میں آپ اپنا ہنر دوسروں کو سکھا سکیں اور وہ ویڈیوز دوسروں کے لئے نافع ثابت ہوں۔

فائیور

فائیور پر کام کرنے کا ہنر سیکھ کر اس ویب سائٹ پر کام کریں۔ یہ ایک ایسی سائٹ ہے جہاں پر لوگ آکر پانچ ڈالر میں بھی کام کرواتے ہیں۔ 5 ڈالر تو کم از کم ہیں آج کل اس سے بھی کہیں زیادہ پیسے والے پروجیکٹ ملتے ہیں۔ بات ساری آپ کے ہنر اور قسمت پر ہے۔

انٹرنیٹ پر تو اس کے علاوہ بھی بہت ساری ویب سائٹس موجود ہیں جہاں پر آپ گھر بیٹھے اچھی آمدن کماسکتے ہیں۔ چینی کہاوت کے مطابق مچھلی کی بجائے مچھلی پکڑنے کا ہنر سیکھیں اگر آپ کے پاس کوئی بھی ہنر ہو گا تو آپ اس ہنر کو بروئے کار لا گھر بیٹھے اپنا روزگار بنا سکتے ہیں۔ ضرورت صرف لگن، محنت اور ہمت کی ہے۔