• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر، بلدیاتی انتخابات نے عمران کے غبارے سے ہوا نکال دی، احسن اقبال

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ “ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ کشمیر کے حالیہ بلدیاتی انتخابات نے عمران خان کی جو بھی خوش فہمی ہے اس کے غبارے سے بھی ہوا نکال دی ہے،سینئر صحافی و تجزیہ کار ، طلعت حسین نے کہا کہ عمران خان کے لئے اب اسمبلیوں کی تحلیل سے راہ فرار اختیار کرنا ممکن نہیں ہے،ماہر معاشیات، ڈاکٹر حفیظ پاشانے کہا کہ آئندہ کچھ مہینوں میں مہنگائی کم ہونے کے امکانات ناممکن ہیں۔ وفاقی وزیر ، احسن اقبال نے کہا کہ کشمیر کے جو حالیہ بلدیاتی انتخابات ہیں اس نے خان صاحب کی جو بھی خوش فہمی ہے اس کے غبارے سے بھی ہوا نکال دی ہے ۔ پہلے مرحلے کے اندر تو تقریباً دو تہائی کے قریب پی ٹی آئی مخالف امیدوار کامیاب ہوئے ہیں پی ٹی آئی کو بدترین شکست ہوئی اس کے باوجود کے وہاں پی ٹی آئی کی حکومت برسراقتدار ہے۔صوبوں کے اندر الیکشن ہوں گے تو پی ٹی آئی کی حکومت برسراقتدار نہیں ہوگی پچھلے چند ماہ کے اندر عمران خان نے قوم کے ساتھ جو دھوکے کئے ہیں کیا وہ امریکا کی سازشی تھیوری تھا یا انہوں نے قومی اداروں کے خلاف جو مہم چلائی اس کے بعدلوگ ان سے بہت مایوس ہوچکے ہیں اور ان کی مقبولیت نیچے کی طرف جارہی ہے۔اب یہ اسمبلیاں تحلیل کریں گے تو کے پی کے اور پنجاب دونوں میں ہم ان کو شکست دے کر دکھائیں گے۔سندھ اور بلوچستان کیا پاکستان کا حصہ نہیں ہیں کیا ہمیں ان کی اس تباہی کا احساس نہیں کہ ان دونوں صوبوں کو چھ ، آٹھ مہینے میں زندگی میں واپس لانا ہے۔اس وقت پوری دنیا میں معاشی بحران ہے امریکا، برطانیہ ، یورپ کی چیخیں نکل گئیں اس وقت افراط زر عالمی سطح پر بے قابو ہے۔ ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف نے کہا کہ 40 ترقی پذیر ممالک ہیں وہ دیوالیہ پن کے قریب ہیں اس مہنگائی کی وجہ سے اور کساد بازار ی کی وجہ سے جو دنیا میں آرہا ہے ۔جو معاشی تباہی یہ ورثے میں چھوڑ گئے ہیں کیا ہم برادشت کرسکتے ہیں کہ چار مہینے کے لئے پاکستان کو نگراں حکومت کے حوالے کردیں۔

اہم خبریں سے مزید