• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قلعہ بالاحصار میں ونٹیج اور کلاسک کاروں کی نمائش

پشاور (جنگ نیوز)خیبر پختونخواسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز‘ لینڈ روور اور سکیورٹی فورسز کے تعاون سے 13ویں ونٹیج اور کلاسک کار ریلی کا 13واں ایڈیشن 2 دسمبر کو براستہ صوابی پشاور پہنچا۔گزشتہ روز قلعہ بالاحصار میں ونٹیج اور کلاسک کاروں کی نمائش ہوئی ۔ریلی قلعہ بالاحصار سے باب خیبر اور پھر تاریخی خیبر پاس اور مچنی پوسٹ پہنچی جہاں شرکاء کو تاریخی اہمیت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ مچنی پوسٹ پر کاروں کی نمائش کے بعد ریلی خیبر رائفلز آفیسرز میس لنڈی کوتل پہنچی جہاں پر شرکاء نے روایتی خٹک، محسود، چترالی اور دیگر مقامی رقص کا مظاہرہ دیکھا۔اس موقع پر منتظمین نے کہا کہ ونٹیج اینڈ کلاسک کار ریلی کا انعقاد ہر سال پشاور اور خیبر میں کیا جاتا ہے جس میں پاکستان بھر سے کاروں کے شوقین بڑے جوش و خروش سے حصہ لیتے ہیں جو اس بات کی عکاس ہے کہ قبائلی اضلاع پرامن ہیں اور یہاں کی عوام مہمان نواز ہے۔آج پشاور سروسز کلب میں عظیم الشان کار ڈسپلے شو کا انعقاد کیا جائے گا جس کے بعد ریلی کا اختتام ہو جائے گا۔ ونٹیج اور کلاسک کار ریلی میں مالکان کو پشاور اور خیبر کی سڑکوں پر اپنی گاڑیاں چلانے کا منفرد موقع ملتا ہے۔ ان کاروں میں 1930 ءسے 1970ء تک کی مرسڈیز، فورڈ، شیورلیٹ، بوئک، منی اور ووکس ویگن شامل ہیں۔
پشاور سے مزید