• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خصوصی افراد نے ہر شعبے میں اپنا لوہا منوایا، ریاض پیرزادہ

اسلام آباد (جنگ رپورٹر)وفاقی وزیر انسانی حقوق میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ معذور افراد نے کھیل سے لے کر پیشہ ورانہ صلاحیتوں تک زندگی کے ہر شعبے میں اپنا لوہا منوا کر دنیا بھر میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے،انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کے روز ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپیشل ایجوکیشن کی جانب سے ʼʼمعذور افراد کے عالمی دن ʼʼ سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ معذور افراد، ہماری کل آبادی کا 10 سے 15 فیصد ہیں اور یہ ملک وقوم کا قیمتی اثاثہ ہیں، اگر انہیں تعلیم اور بحالی کے بہتر مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ خود کو عام افراد سے بھی بہتر ثابت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت معذور افراد کو سہولیات فراہم کر رہی ہے اور معذوری سے متعلق مسائل کے حل کیلئےوسائل میں مزید اضافہ کرے گی۔انہوں نے تقریب کے اختتام پر خصوصی بچوں اور تقریب کے دیگر شرکاء سے ملاقات بھی کی۔ تقریب میں معذور افراد/بچوں، اساتذہ اور معا لجین، این جی اوز، سماجی کارکنان، مذہبی اسکالرز، سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کی وزارت کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اسلام آباد سے مزید