• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روس سستا پیٹرول اور ڈیزل دے گا، مذاکرات کامیاب، LNG کیلئے بھی بات چیت شروع، وفد آئندہ ماہ پاکستان آئے گا، وزیر مملکت برائے پیٹرولیم

اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیر مملکت پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ روس کا دورہ ہماری امیدوں سے زیادہ کامیاب رہا‘مذاکرات کامیاب ہوگئے ‘ روس پاکستان کو رعایتی قیمت پر پیٹرول اور ڈیزل فراہم کرے گا.

 سرکاری ایل این جی کے معاہدوں اور بعض روسی کمپنیوں سے ایل این جی کے حصول کیلئے بات چیت شروع ہو گئی ہے

توانائی معاہدوں پر پیشرفت کیلئے روس کا سرکاری وفد جنوری کے وسط میں پاکستان کا دورہ کرے گا‘ماسکو کے ساتھ گیس پائپ لائنز پر بھی بات چیت شروع ہوچکی ہے ‘ ایران نے انسانی بنیادوں پر20لاکھ پاؤنڈ کی اضافی ایل پی جی دینے کا اعلان کیا ہےجو آئندہ 10 یوم کے اندر پاکستان آ جائے گی تاکہ توانائی کے مسائل کو حل کیا جائے ‘ .

گھریلو صارفین کیلئے کھانے کے اوقات میں گیس لوڈ مینجمنٹ کے تحت اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ صبح 6سے 9بجے، دن 12بجے سے 2بجے تک اور رات کو 6سے 9بجے تک کھانا بنانے کے اوقات میں گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے‘ترقی کرنی ہے توپاکستان کو سالانہ کم از کم 10فیصد توانائی میں اضافہ کرنا ہو گا‘ .

پاکستان کے مفاد کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں‘اس سے کسی دوسرے ملک کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔مصدق ملک کا کہنا تھاکہ ہم نے حال ہی میں روس کا دورہ کیا اور یہ دورہ ہماری توقعات سے زیادہ کامیاب رہا ہے، روس نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ہمیں رعایتی نرخوں پر خام تیل دے گا جس پر بات چیت طے ہو گئی ہے.

 دوسرا یہ طے پایا ہے کہ روس کی طرف سے پاکستان کو ڈیزل بھی رعایتی نرخوں پر فراہم کیا جائے گا اور اتنے ہی ڈسکاؤنٹ پر تیل و گیس ملے گا جتنا ڈسکاؤنٹ دنیا میں کسی بھی مل رہا ہے۔ تیسرے نمبر پر ایل این جی پر بات ہوئی ہے.

 اس وقت ایل این جی کا پریشر بہت زیادہ ہے اس لئے بڑی روسی کمپنیوں کے پاس اس وقت ایل این جی نہیں تھی۔روس نے ہماری چند ایسی کمپنیوں سے رابطہ کرایا جن کے پاس اس وقت ایل این جی موجود تھی اور ان کمپنیوں سے ہماری بات چیت شروع ہو گئی ہے جو خوش آئند ہے۔

 انہوں نے کہا کہ روس کی حکومت بھی ایل این جی کے دو نئے کارخانے لگا رہی ہے اور پاکستان کو پیشکش کی گئی ہے کہ وہ 2025-26ء کیلئے ابھی سے معاہدے کرنا شروع کر دے۔

اہم خبریں سے مزید