راولپنڈی (نمائندہ جنگ)لاہورہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس جواد حسن نے تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر کی طرف سے عدالتوں اور ججز کیخلاف نازیبا الفاظ کے استعمال پر سینئر رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کی شکایت پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے کل بدھ کوذاتی طور پر جواب سمیت طلب کرلیا ہے۔دوران سماعت عدالت عالیہ نےکہا کہ اسد عمر کے بیان کی ویڈیو اور ٹرانسکرپٹ بھی پیش کیا جائے۔آرٹیکل204بی کے تحت عدالت عالیہ کو اختیار ہے کہ کوئی بھی عدالتوں اور ججز کو بدنام کرنے کی کوشش کرے تو اس کو سزا دے سکتی ہے،آرٹیکل 14 کے تحت کسی بھی ادارے اور شخصیت کو متنازع نہیں بنایا جاسکتا،اسدعمرکیخلاف توہین عدالت کی کارروائی ہونی چاہئے ۔پیرکو عدالت عالیہ میں سینئر ایڈیشنل رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کی طرف سے ایک شکایت پیش کی گئی جس میں کہا گیاتھا کہ جنرل سیکرٹری تحریک انصاف اسد عمر نے ایک عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران ججز اور اعلی عدالتوں کو بدنام کرنے کی کوشش کرتےہوئےاعلی عدالتوں اور ججز کے بارے قابل نفرت اور تضحیک آمیز الفاظ کہے جس پر ان کے خلاف آئین کے آرٹیکل 204کے تحت توہین عدالت کی کارروائی کی جانی چاہیے۔