کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سیاسی امور سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ دسمبر میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان ممکن نہیں ہے، 2023ء میں سلیکشن نہیں الیکشن ہوگا۔ عمران خان عوام کے سامنے ایکسپوز ہونا شروع ہوگئے ہیں۔
ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ جنرل باجوہ کی مجھ سے یا چوہدری سالک کے ساتھ کوئی بات نہیں ہوئی، ووٹ کا مسئلہ ہوا تو میں نے سالک کو کہا آپ پہلی دفعہ ووٹ ڈالنے جارہے ہیں، آپ کو اللّٰہ کو حاضر ناظر جان کر ووٹ ڈالنا ہے۔
وفاقی وزیر برائے سیاسی امور سردار ایاز صادق نے کہا کہ دسمبر میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان ممکن نہیں ہے، اگست 2023ء سے پہلے الیکشن کی تاریخ دینے کا امکان نہیں ہے، مارچ 2023ء میں الیکشن کرانا اپوزیشن کی خواہش ہے جو پوری نہیں ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے حکومت کو مذاکرات کی باضابطہ پیشکش نہیں ہوئی، عمران خان قبل از وقت انتخابات کے مطالبہ سے بھی جلد یوٹرن لے لیں گے، سیلاب متاثرین ابھی تک سڑکوں پر بیٹھے ہیں جبکہ معیشت کا حال بھی خراب ہے۔
ایاز صادق نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اس دفعہ وہ سپورٹ نہیں جو 2018ء میں تھی، 2023ء میں سلیکشن نہیں الیکشن ہوگا۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کہ عمران خان عوام کے سامنے ایکسپوز ہونا شروع ہوگئے ہیں، توشہ خانہ سے بارہ ملین کی گھڑی دو ملین میں بیچ کر ملک کی بے عزتی کی گئی۔