اسلام آباد(فاروق اقدس) مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان وفود کی سطح پر دوطرفہ اہم مذاکرات رواں ماہ واشنگٹن میں ہوں گے، پاکستانی وفد کی سربراہی وزیر خارجہ بلاول بھٹو کریں گے مذاکرات کیلئے 19 سے 21دسمبر تک کی تاریخوں پر واشنگٹن اور اسلام آباد کا اتفاق رائے ہوگیا ہے۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان معاشی تعاون، تجارت اور دیگر امور مذاکراتی ایجنڈے پر ہیں جبکہ قومی سلامتی، افغان صورتحال اور دہشتگردی پر بھی مشاورت ہوگی۔ ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ واشنگٹن کے بعد نیویارک بھی جائیں گے جہاں وہ G77 کے پروگرام کی صدارت بھی کریں گے اور یو این سلامتی کونسل کی ایک تقریب میں شرکت کے علاوہ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں بھی کریں گے۔ قبل ازیں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بدھ سے انڈونیشیا اور سنگاپور کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ وہ بالی انڈونیشیا میں اپنے انڈونیشیائی ہم منصب مرسوڈی رینٹو سے دو طرفہ ملاقات کریں گے۔ وزیر خارجہ بالی میں دو کثیرالجہتی پروگراموں میں شرکت کریں گے جن میں 15 ویں بالی ڈیموکریسی فورم اور افغان خواتین کی تعلیم پر بین الاقوامی کانفرنس شامل ہے۔ وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری 15 ویں بالی ڈیموکریسی فورم میں جمہوری اقدار کے تئیں پاکستان کے عزم اور جدید دور کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے جمہوریت کی اہمیت کو اجاگر کریں گے۔ وہ افغان خواتین کی تعلیم پر بین الاقوامی کانفرنس میں افغانستان میں دیرپا امن اور ترقی کے لیے پاکستان کی کوششوں بشمول معاشرے کے تمام طبقات کے لیے تعلیم تک مساوی رسائی کی اہمیت سے شرکاء کو آگاہ کریں گے۔