خیبرپختونخواہ سے تعلق رکھنے والی پاکستانی اداکارہ سحر شنواری نے کہا ہے کہ ’انشاء اللہ میں ایران کی اسلامی حکومت کی حمایت کے لیے پورے حجاب کے ساتھ ایران جاؤں گی‘۔
اداکارہ سحر شنواری نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر باحجاب ایران جانے کا اعلان کیا ہے۔
اداکارہ کا اپنے ٹوئٹ میں لکھنا ہے کہ ’حجاب کوئی بری چیز نہیں ہے، برائے مہربانی اس کو بدنام کرنا بند کریں‘۔
واضح رہے کہ اداکارہ سحر شنواری اپنی روز مرہ کی زندگی میں حجاب نہیں پہنتیں، انہوں نے یہ اعلان ایرانی حکومت کی حمایت میں کیا ہے۔
اس سے قبل ایک اور ٹوئٹ میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر اُن کی باحجاب تصویر کو 10 ہزار ٹوئٹر صارفین نے ری ٹوئٹ کیا تو وہ ہمیشہ کے لیے حجاب پہن لیں گی۔
یاد رہے کہ مہسا امینی کی ہلاکت کے خلاف مظاہروں میں حجاب قانون کی تبدیلی کے مطالبات کیے جا رہے تھے۔
جس پر ایران نے عندیہ دیا ہے کہ وہ ملک میں رائج حجاب قانون میں تبدیلی پر غور کر رہے ہیں جس کے خاتمے کے لیے ملک بھر میں مہسا امینی کی پولیس کی حراست میں ہلاکت کے بعد سے پُرتشدد احتجاج جاری ہیں۔